واٹس ایپ کا گیسٹ کالنگ فیچر متعارف کرانے کا اعلان

انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے ’گیسٹ کالنگ‘ فیچر متعارف کرانے کا اعلان کر دیا۔ فیچر کو استعمال کرتے ہوئے اب ایسے افراد کو بھی کال میں شامل ہونے کی دعوت دی جا سکے گی جن کا واٹس ایپ اکاؤنٹ موجود نہیں۔واٹس ایپ کے نئے فیچر کے تحت صارفین دعوت کا لنک بنا کر کسی بھی شخص کے ساتھ شیئر کر سکیں گے، جبکہ کال کے دورانیے پر بھی کوئی پابندی نہیں ہوگی اور گفتگو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ رہے گی۔نئے فیچر میں کال میں شامل ہونے والے مہمان کو ابتدا میں ویٹنگ رُوم میں رکھا جائے گا اور وہ میزبان کی اجازت کے بعد ہی کال کا حصہ بن سکے گا۔ میزبان کو کسی بھی وقت مہمان کو کال سے نکالنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔واٹس ایپ کے مطابق مہمان کال میں شریک دیگر افراد کے فون نمبر نہیں دیکھ سکیں گے، نہ انہیں پیغامات بھیج سکیں گے اور نہ ہی براہِ راست کال کر سکیں گے۔ تاہم، وہ اپنی اسکرین شیئر کرنے، ردِعمل دینے اور گفتگو کے دوران بات کرنے کے لیے ہاتھ اٹھانے جیسی سہولیات استعمال کر سکیں گے۔یہ فیچر واٹس ایپ کے ’کالز‘ سیکشن میں دستیاب ہوگا، جہاں سے صارفین کال کا دعوتی لنک تیار کرکے متعلقہ افراد کو بھیج سکیں گے۔کمپنی رواں سال کے آخر میں گوگل کیلنڈر اور آؤٹ لک کیلنڈر کے ساتھ بھی اس فیچر کو منسلک کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کے بعد صارفین اپنے کیلنڈرز سے براہِ راست واٹس ایپ کال کے لنکس بنا سکیں گے۔



