نیورالنک کو اے ایل ایس کے مریضوں پر دماغی امپلانٹ کی اہم آزمائش کی اجازت مل گئی

ایلون مسک کی کمپنی نیورالنک نے اعلان کیا ہے کہ اسے امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) سے دماغ میں نصب کیے جانے والے اپنے خصوصی امپلانٹ کی ایک اہم کلینیکل آزمائش شروع کرنے کی منظوری مل گئی ہے۔اس تحقیق میں امیوٹروفک لیٹرل اسکلروسیس (اے ایل ایس) کے باعث شدید مفلوج ہونے والے افراد میں کمپنی کی برین کمپیوٹر انٹرفیس ٹیکنالوجی کی حفاظت اور افادیت کا جائزہ لیا جائے گا۔کمپنی کے مطابق اس تحقیق کا نام ’لنک پائیوٹل اسٹڈی‘ رکھا گیا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد یہ جانچنا ہے کہ آیا شدید جسمانی معذوری کا سامنا کرنے والے افراد محض اپنے خیالات کے ذریعے ڈیجیٹل آلات استعمال کرسکتے ہیں اور اس ٹیکنالوجی سے روزمرہ زندگی میں ان کی خودمختاری کس حد تک بہتر ہوسکتی ہے۔نیورالنک کا تیار کردہ برین کمپیوٹر انٹرفیس دماغ کے اس حصے میں نصب کیا جاتا ہے جو جسمانی حرکات کی منصوبہ بندی کرتا ہے۔ اس کا چھوٹا اور تقریباً ناقابلِ دید امپلانٹ ’این ون‘ کھوپڑی کے اندر نصب ہوتا ہے، جب کہ اس سے منسلک باریک الیکٹروڈ دھاگے دماغ کے اندر تک پھیلتے ہیں۔ یہ نظام دماغی سرگرمیوں کو پڑھ کر ان اشاروں کی شناخت کرتا ہے جو کسی حرکت کے ارادے سے متعلق ہوتے ہیں، تاکہ مفلوج افراد ڈیجیٹل آلات کو کنٹرول کرسکیں۔کمپنی کے بیان کے مطابق نئی تحقیق میں یہ دیکھا جائے گا کہ شرکا اپنے خیالات کے ذریعے کمپیوٹر اور دیگر ڈیجیٹل آلات کو کس حد تک استعمال کرسکتے ہیں۔ اس کے ساتھ مختلف طبی مراکز میں امپلانٹ کی طویل مدتی حفاظت اور قابلِ اعتماد کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔








