شینزن ملاقات۔۔۔ حقیقت یا دکھاوا!

صدر ٹرمپ کے بعض بد ترین مخالف یہ کہہ رہے ہیں کہ شیزن میں تین عالمی طاقتوں کے سربراہوں کی ملاقات دنیا میں امن قائم کرنے کے لیے ایک اہم پیشرفت تھی۔ انکی رائے میں تین بڑی طاقتوں کا مل بیٹھنا ثابت کرتا ہے کہ دنیا کسی ایٹمی جنگ کے خطرے سے دو چار نہیں ہے۔ Jeffery Sachs کولمبیا یونیورسٹی میں پولیٹیکل سائنس کے پروفیسر ہیں اور ایک ممتاز اکانومسٹ اور سیاسی تجزیہ نگار بھی ہیں ۔ انکا شمارصدر ٹرمپ کے صف اول کے مخالفین میں ہوتا ہے۔ انہوں نے شینزن سمٹ کے بارے میں کہا ہے کہ امریکہ کی جنگ باز لابی اور اسلحہ ساز صنعت اس ملاقات کی اس لیے مخالفت کر رہی ہے کہ اس میں تینوں سربراہوں نے جوہری جنگ کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ انکی رائے میں نیو یارک ٹائمز‘ وال سٹریٹ جنرل ‘ واشنگٹن پوسٹ اور فنانشل ٹائمز کے ایڈیٹوریل بورڈز کے ممبر شینزن ملاقات کی مخالفت کر کے عالمی طاقتوں کے درمیان جنگ کے شعلوں کو ہوا دے رہے ہیں۔ انکی رائے کے برعکس امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان تینوں عالمی طاقتوں کی خارجہ پالیسیوں کا اگر جائزہ لیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ چین اور روس ملکر امریکہ کو نیچا دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اوپر بیان کردہ اخبارات کی خبروں ‘ تجزیوں اور ادارتی صفحات کے مضامین اس ملاقات کو امریکی مفادات اور قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ قرار دے رہے ہیں۔ ممتاز کالم نگار ٹام فریڈمین نے اس ملاقات کو تضیح اوقات قرار دیتے ہوے کہا ہے ” The leaders were wasting their time, and Trump was wasting our time.” ٹام فریڈمین نے پوچھا ہے کہ اس ملاقات کے نتیجے میں آخر حاصل کیا ہوا ہے۔ کیا ایران اور یوکرین جنگ کے خاتمے کے بارے میں کوئی پیش رفت ہوئی ہے۔ کیا مصنوعی ذہانت جو امریکہ اور چین دونوں کے لیے ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور جسے قابو کرنے کے لیے دونوں ممالک میں اتفاق رائے کا ہونا ضروری ہے پر کوئی معنی خیز بات ہوئی ہے۔ فریڈ مین نے سی این این کے اینکر اینڈرسن کوپر کے پروگرام میں کہا کہ دنیا کو درپیش تمام مسائل میں سے کسی ایک پر بھی کوئی نتیجہ خیز گفتگو نہیں ہوئی اس لیے اسے کوئی کارآمد سفارتی عمل نہیں کہا جا سکتا۔ امریکی اخبارات امریکہ اور چین کے مابین تنازعات کی طویل فہرست بیان کرتے ہوے پوچھ رہے ہیں کہ انکے ہوتے ہوے دونوں ممالک کے تعلقات کوکیسے خوشگوار کہا جا سکتا ہے۔ نیو یارک ٹائمز میں بیس نومبر کو شائع ہونیوالے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ صدر شی جن پنگ نے شینزن ملاقات کے افتتاحی کلمات میں کہا ہے "A transformation not seen in a century is accelerating.”یعنی ایک ایسی تبدیلی تیزی سے رونما ہو رہی ہے جو ایک صدی میں نہیں دیکھی گئی۔ مضمون نگار ایڈورڈ وانگ نے لکھا ہے کہ صدر شی جن پنگ کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے صدر پیوٹن کے ساتھ ملکر پرانے ورلڈ آرڈر کو تبدیل کر دیا ہے اب امریکہ دنیا کی اکلوتی سپر پاور نہیں رہا۔ تجزیہ نگار کی رائے میںصدرشی یہ کہہ رہے ہیں کہ تیس برس پہلے سوویت یونین کی تحلیل کے بعد امریکہ کو عالمی معاملات میں جو برتری حاصل تھی وہ اب ختم ہو چکی ہے۔ امریکہ چین تعلقات کے موضوع پر امریکی اخبارات میں لکھے ہوے دیگر مضامین اس ملاقات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوے کہہ رہے ہیں کہ صدر شی اور صدر پیوٹن اچھی طرح جانتے ہیں کہ صدر ٹرمپ اگلے دو برسوں میں تمام ایگزیکٹو اختیارات کے ہوتے ہوے بھی خارجہ پالیسی میں کوئی اہم پیش رفت نہ کر سکیں گے اور ڈیموکریٹک کانگرس ان سے چین کے خلاف وہی تادیبی کاروائیاں کرنے کا مطالبہ کرے گی جو جوزف بائیڈن کے دور میں کی گئی تھیں۔ ان حقائق کی روشنی میں یہ سوال اہم ہے کہ چین اور روس دونوں صدر ٹرمپ کے ایک کمزور صدر ہونے کی حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں اسکے باوجود صدر شی جن پنگ نے اپنے امریکی ہم منصب کا اتنا شاندار استقبال کیو ں کیا ۔ اسکا جواب یہی ہے کہ یہ سمٹ ایک دکھاوا تھا‘ چین اور روس دونوں جانتے ہیں کہ صدر ٹرمپ ایران جنگ سے بھی چھٹکارا حاصل نہیں کر سکتے اور نہ ہی یوکرین جنگ کو انکی مرضی کے مطابق ختم کیا جا سکتا ہے اس لیے اس جشن کو برپا کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔چین کے نقطہ نظر سے یہ ملاقات اس لیے ضروری تھی کہ اسے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں امریکی ٹیکنالوجی کی اشد ضرورت ہے اور ٹرمپ انتظامیہ چین کو برآمدات پر مزید پابندیاں لگانے کا ارادہ رکھتی ہے۔اس سمٹ کا سب سے زیادہ فائدہ روس کو ہوا۔ صدر پیوٹن کو شکایت تھی کہ انکے ملک کو ایک سپر پاور ہونے کے باوجود نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ اب دو بڑی عالمی طاقتوں کے سربراہوں کے ساتھ اس سمٹ میں شرکت کر کے انہوں نے نہ صرف اپنے ملک کی عالمی تنہائی کے تاثر کو زائل کر دیا ہے بلکہ امریکہ اور چین کے ہم پلہ ہونے کی صورت گری بھی کر دی ہے۔ اس ملاقات نے جن اہم سوالات کو جنم دیا ہے ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ کیا صدر ٹرمپ عالمی سیاست کے زیرو بم سے اتنے ہی ناواقف ہیں کہ وہ چین اور روس کی ساتھ اتنے تنازعات کے ہوتے ہوے بھی انکے سجائے ہوے سٹیج پر جا کھڑے ہوئے۔ اسکا جواب یہ ہے کہ امریکہ نایاب معدنیات کے حصول میں چین کے تعاون پر انحصار کرتا ہے۔ یہ گوہر نایاب امریکہ کی جنگی صنعت سے لیکر الیکٹریکل موٹرز اور دیگر کئی صنعتوں میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ امریکہ آجکل اس کوشش میںہے کہ وہ کسی طرح اس میدان میں چین پر انحصار سے نجات حاصل کر لے۔ اس کے لیے اسے کچھ وقت چاہیئے۔ یہ وقت خریدنے کے لیے صدر ٹرمپ کا شینزن جانا ضروری تھااور چین کو بھی اپنی مجبوریوں کی وجہ سے اس دکھاوے کی ضرورت تھی اس لیے شینزن ملاقات کا اہتمام کر دیا گیا۔ آنے والا وقت اسکی حقیقت کو ظاہر کر دے گا۔








