انسٹاگرام کی چیٹ کے لیے الگ ایپ متعارف کرانے کی تیاری، میٹا کا نیا منصوبہ

ٹیکنالوجی کمپنی میٹا انسٹاگرام کے پیغام رسانی کے نظام کو مرکزی ایپ سے الگ کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے ’ڈائریکٹ‘ کے نام سے ایک علیحدہ میسجنگ ایپ متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین انسٹاگرام کی پوسٹس، ریلز اور دیگر مواد دیکھے بغیر براہِ راست ایک دوسرے سے رابطہ کرسکیں گے۔اس نئی ایپ کا بنیادی مقصد انسٹاگرام کے چیٹ فیچرز کو الگ پلیٹ فارم پر منتقل کرنا ہے تاکہ صارفین کو صرف پیغام رسانی کے لیے ایک مخصوص ایپ دستیاب ہو۔ اس کے ذریعے لوگ انسٹاگرام اکاؤنٹ کے بغیر بھی دوسروں کو پیغامات بھیج سکیں گے۔یاد رہے کہ انسٹاگرام نے 2013 میں ڈائریکٹ میسجنگ کا فیچر متعارف کرایا تھا، جس کے ذریعے صارفین فوٹو شیئرنگ ایپ کے اندر ہی ایک دوسرے سے نجی گفتگو اور تصاویر کا تبادلہ کرسکتے تھے۔ اب میٹا اس نظام کو فیس بک میسنجر کی طرز پر مرکزی انسٹاگرام ایپ سے الگ کرکے ایک مستقل ایپ کی شکل دینا چاہتی ہے۔مجوزہ ڈائریکٹ ایپ میں انفرادی اور گروپ چیٹ دونوں کی سہولت دستیاب ہوگی۔ اس کے علاوہ انسٹاگرام کے بعض مقبول فیچرز بھی اس کا حصہ ہوں گے، جن میں ڈرائنگ کے لیے ’ڈرا‘، نوٹس، ذاتی نوعیت کے اسٹیکرز، وائس ایفیکٹس اور چیٹ تھیمز شامل ہیں۔فی الحال یہ ایپ صرف ترکیہ اور تھائی لینڈ کے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ میٹا کے مطابق اس سروس کو استعمال کرنے کے لیے عمر کی کم از کم حد 13 سال مقرر کی گئی ہے۔








