Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
ہفتہ وار کالمز

واردات !

واردات کا لفظ آئے تو ایک منفی تاثر اُبرتا ہے،کسی چوری یا ڈاکے کا، کسی جرم کا، یا کسی دھوکے یا فریب کی طرف ذہن مبذول ہو جاتا ہے مگر جیسے جیسے دنیا بدل رہی ہے،الفاظ کے مفاہیم بھی بدل رہے ہیںاور مفاہیم کی وسعت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے وائیٹ کالر کرائم بھی واردات کے زمرے میں آنے لگے ہیں آن لائن فراڈ کو بھی واردات کہا جا سکتا ہے،حال ہی میں سائبر کرائم میں اضافہ ہوا ہے چند دن پہلے امریکہ میں airportsکا نظام درہم برہم ہو گیا، ہزاروں پروازیں منسوخ کرنا پڑیں،ہزاروں پروازوں کے راستے تبدیل کرنا پڑے پورا سسٹم بیٹھ گیا ہر چند کہ حکومت انکار کرتی رہی کہ یہ سائبر حملہ نہیں مگر کچھ خبریں یہ بتاتی رہیں کہ 9/11کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ ہزاروں جہازوں کو رن وے پر اتار لیا گیا اور ائر پورٹس پر جہازوں کو رکھنے کی جگہ کم پڑ گئی،عجب افراتفری کا عالم تھالاکھوں افراد ائر پورٹس پر پھنس گئے،سائبر حملہ ہوا ہو یا نہیں بہر حال واردات تو پڑ گئی،ایسے ہی سیاسی میدان میں بھی سیاستدان واردات ڈالتے رہتے ہیں ملک کا ماحول کتنا ہی پر سکوںکیوں نہ ہو ایک بیان بھی ملک میں ہلچل مچا دیتا ہے اورپھر میڈیا ڈھول پیٹتانظر آتا ہے، کسی چینل پر چلے جائیں ،تبصرہ اور تجزیہ مختلف،سنسنی خیز،اعصاب توڑنے والا،ہرکوئی بات کو اس طرح twist کرتا ہے کہ افواہوں کا بازار گرم ہو جاتا ہے اور سوشل میڈیا کی بن آتی ہے وہ وہ قیاس آرائیاں کہ اللہ کی پناہ،یہ قیاس آرائیاں ایسی چٹ پٹی ہوتی ہیں اور اتنی دل فریب کہ لوگ اسی کو ہی سچ مان لیتے ہیں۔یو ٹیوب پر جتنا جھوٹ ہے اتنا ہی یہ پڑھا جاتا ہے جتنا پڑھا جاتا ہے اتنا ہی یقین کر لیا جاتا ہے اسی لئے سارے ننھے منے صحافی جن کو الیکٹرانک میڈیا گھاس نہیں ڈالتا یو ٹیوب پر جا بیٹھتے ہیں اور بڑے جغادری یو ٹیوب پرصرف پیسہ کمانے کے لئے آتے ہیں ،اپنی خبروں میں ـمبینہ طور پر یا غیر مصدقہ جیسے الفاظ استعمال کرکے نئی نئی خبریں گھڑ لیتے ہیںجن کو کبھی کبھی اپنی خبروں یا تبصروں میں شامل کر لیتے ہیںجہاں جھوٹی خبر معتبر بن جاتی ہے،یہ صحافتی واردات ہے اب لاکھ قوانین بنا لیجیے جھوٹ کا یہ کاروباررکنے کا نہیں ،خود اخباری صنعت میں ایک کہاوت ہے کہ افواہ کی قیمت سچی خبرسے زیادہ ہوتی ہے اصل قول یہ ہے کہ جب سچ اپنے جوتوں کے تسمے باندھ رہا ہوتا ہے جھوٹ ساری دنیا کا چکر لگا کرچلا آتا ہے پھر ایڈیٹر اپنے معاونین سے یہ بھی کہتا ہے کہ یہ آپ کے ہنر پر منحصر ہوتا ہے کہ آپ کسی خبر کو کب تک زندہ رکھتے ہیں، خیر حکومتیں بھی واردات ڈالتی ہیں اودھم مچتا ہے، بحث و تکرار ہوتی ہے تجزیہ اور تبصرے اور کچھ دن کے بعد پتہ چلتا ہے کہ واردات ایک چکمے کے سوا کچھ نہ تھی،مگر اس دوران چینلز اور صحافیوں کی چاندی ہوتی رہتی ہے۔واردات تو امریکہ ایران جنگ بھی ہے جس کی وجہ سے امریکی آئل کمپنیز نے خوب منافع کمایا ٹرمپ کے ایک بیان پر کبھی کارکیٹ اوپر جاتی کبھی نیچے آ جاتی۔پاکستان میں بھی آئل کمپنیز نے خوب مال کمایاجب خبر عام ہو گئی تو علی پرویز ملک لیپا پوتی کے لئے چلے آئے کہ ہم 125 ارب روپے عوام کو واپس دلائیںگے علی پرویز ملک نے یہ نہیں بتایاکہ واردات کتنے کی ڈالی گئی،یہ سوال ان وزراء سے میڈیا نہیں پوچھتاحال ہی میں امریکہ میں ایک واردات ڈالی گئی۔ایک ادارہ ہے NVIDIA iیہ ادارہ شائد مصنوعی ذہانت کی صنعت سے وابستہ ہے،اس کے ceo تھے یہ شائد چینی نژادہیں JENSEN HUANG ان پر جاسوسی کے کچھ الزامات لگے،اطلاعات آئیں کہ ان کے جنسی اسکینڈل بھی ہیں یہ خبر آنی تھی کہ موصوف پر لاکھوں تبصرے،لاکھوں memes/cartoons پاکستانی کہاں پیچھے رہنے والے،انہوں نے بھی اے آئی کی مدد سے جینسن کو ان کی مبینہ محبوباؤں کے ساتھ رقص کرایا جینسن کی جگہ NVIDIA کا نیا سی ای او بھی نامزد ہو گیا مگر ٹرمپ کے جانب سے یہ اعلان ہوا کہ اس ادارے میں جینسن کی بحیثیت سی ای او واپسی ہو رہی ہے جینسن کو سزا مل چکی،یہ عجیب قسم کی واردات تھی اور حکومت کو احساس بھی نہیں ہوا کہ اس واردات سے ان کی credibilityکو کتنا دھچکہ لگا ہے،ارباب اختیار کو یہ احساس کم ہی ہوتا ہے یوں بھی سیاست میں عزت کے معاملے پر سیاست دان زیادہ حساس نہیں ہوتے،عزت کا مسئلہ عام طور پر مڈل کلاس یا لوئیر مڈل کلاس کا مسئلہ ہی ہوتا ہے، ایک واردات وفاقی وزیر چودھری سالک جو چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے ہیں انہوں ایک انٹر ویو میں کہا کہ پنجاب میں کرپشن سے الماریاں بھری پڑی ہیں مگر ان کے پاس اس کے ثبوت نہیں ہیں چودھری سالک نے یہ انٹرویوکئی ماہ قبل دیا مجھےسمجھ نہیں آتی کہ یہ انٹر ویو اتنے ماہ بعد کیوں ریلیز کیا گیا ایک سوال یہ بھی ہے کہ جب کرپشن کے ثبوت نہیں تو پھر یہ الزام لگانے کی ضرورت کیا تھی بہر کیف مریم نواز نے چودھری سالک کو نوٹس بھجوا دیا نوٹس موصول بھی ہو گیا اور سنا ہے چودھری سالک نے Audito General pakistan کی آڈٹ رپورٹ اپنے جواب کے ساتھ منسلک کر دی ہے بقول جاوید چودھری اس رپورٹ میں کرپشن کا کوئی ذکر نہیں البتہirregularities ضرور ہیں irregulaarities کرپشن نہیں ہوتی،لطف یہ ہے کہ چودھری سالک کا تعلق ق لیگ سے ہے اسی خاندان کے شافع چودھری پنجاب حکومت میں ہیں اور چودھری پرویز الہی تحریک انصاف سےمنسلک ہیں،مریم نواز نے چودھری سالک سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے مگر وزیر اعظم اس سلسلے میں خاموش ہیں،ادھر چودھری شجاعت نے بھی چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے،چودھری سالک نے واردات تو ڈال دی مگر لگتا ہے کہ مک مکا ہو جائے گا،خاندان کے مختلف افراد کا مختلف سیاسی جماعتوں میں ہونا بھی مجرمانہ واردات ہے حکومت کسی بھی سیاسی جماعت کی ہوخاندان کسی نہ کسی طرح حکومت میں ہی رہتا ہے ویسے اس پلیٹ فارم سے ہم ضرور چاہیںگے کہ چودھری سالک اپنی وزارت کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں۔پچھلے دنوں سردار لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی عدالت کی اجازت سے عمران سے ملاقات ہو گئی۔عدالت نے کہا تھا کہ ملاقات ایک گھنٹے سے کم نہیں ہونی چاہیئے مگر یہ ملاقات چار گھنٹوں کی ہو گئی قانونی صلح مشورے بھی ہوئے سیاست پر بھی بات ہوئی،ملاقات کے بعد لطیف کھوسہ بہت خوش تھے سلمان صفدر محتاط،کہا جاتا ہے کہ لطیف کھوسہ نے پی ٹی آئی کے جنرل سکریٹری سلمان اکرم راجہ کی جگہ کسی اور کو جنرل سکریٹری بنانے کی تجویز دی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ لطیف کھوسہ نے اپنی راہ ہموار کرنے کی کوشش کی ،سلمان اکرم راجہ ناراض ہو گئے اس واردات کےڈالنے پر،انہوں نے کہا کہ منظور نظر لوگوں سے ملاقات کرائی گئی،یعنی لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر دونوں حکومت کے منظور نظر تھے،اس بات پر قہقہہ لگائیے اور اس بات بھی مسکرائیے کہ سلمان صفدر نے کہا کہ عمران نے تین عدالتوں کو خط لکھا ہے اور کہا ہے کہ میرا بلڈ پریشر ہائی ہے اور برین ہیمریج کا خطرہ ہے،سابق اٹارنی جنرل اوصاف اشتر کا کہنا ہے کہ ان خطوط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اگر سلمان صفدر چاہیں تو اپنی پٹیشن کے ساتھ ان خطوط کو منسلک کردیں،یہ نئی واردات ہے جو پی ٹی آئی کی طرف سے ڈالی گئی ہے اور وفاقی وزیر فضل طارق چودھری اس کو این آر او کا نام دے رہے ہیںلگتا ہے کہ پی ٹی آئی کے لئے پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ خان کی صحت ہے ،حالانکہ ملاقات کے بعد سلمان صفدر نے کہا تھا کہ عمران مکمل صحت مند اور شارپ نظر آئےایک اور واردات محسن نقوی نے صوبوں کے حوالے ڈال دی گئی ہے ،یہ معاملہ چند ماہ سے زیر بحث ہے ،ٹاک شوز ہو رہے ہیں گرما گرم بحثیں ،پختون خواہ میں گورنر راج لگ چکا ہے،پی پی پی کو خدشہ ہے کہ حالات خراب ہوئے توسندھ میں بھی گورنر راج لگا دیا جائیگا،بلاول ہاتھ پیر مار رہے ہیں کبھی پی ٹی آئی کے بارے میں محبت کی زبان، کبھی مولانا کو فون،پی پی پی کے ممبران اسمبلی کہہ رہے ہیں کہ جہاں جہاں صوبوں کے حق میں قراردادیں آ گئی ہیں وہاں صوبےبنا لیں بلوچستان میں بھی بنا لیں مگر سندھ میں پی پی پی صوبے نہیں بننے دے گی،مگر کبھی لہجہ مصالحانہ بھی ہو جاتا ہےبلاول نے حال ہی میں سیاست کو ری سیٹ کرنے کی بات کی ہے،محسن نقوی کہتے ہیں کہ وہ اور بلاول تقریباً ایک ہی پیج پر ہیں،بات یہ ہے کہ صوبے بنے تو دو خاندانوں کی پچاس سال کی بادشاہٹ ختم ہو جائے گی، نئی قیادت سامنے آئے گی ،اس سے بچنے کے لئے پی پی پی اور مسلم لیگ صوبے بنانے کے مخالف ہیں پی پی پی ڈٹ گئی ہے اور مسلم لیگ پی پی پی کے کندھے پر بندوق رکھ کر چلا رہی ہے،بات یہ ہے کہ مقتدرہ ان دو خاندانوں کی سیاسی بلیک میلنگ سے تنگ آ چکی ہے ،اسی لئے نئے صوبے بنانے کی بات کی جا رہی ہے،اگر یہ تجویز مقتدرہ کی ہے تو مسلم لیگ کو یہ منصوبہ مکمل کرنا ہوگا،حال ہی میں محسن نقوی کی زرداری سے ملاقات ہوئی جس میں بتا دیا ہے کہ نمبر پورے ہیں آپ اپنا خیال کر لیں،پھر زرداری اور شہباز ملاقات بھی ہو گئی،اس ملاقات میں زرداری نے کہا کہ ابھی جلدی نہ کی جائےزرداری چاہتے ہیں کہ سینیٹ کے الیکشن ہو جائیں تاکہ ان کی سینیٹ پر گرفت مضبوط ہو اور بہتر بارگینک پوزیشن میں آجائیں،شہباز اور مقتدرہ زرداری کو یہ موقع نہیں دینگے آج خواجہ آصف نے بھی کہہ دیا کہ اس سال کے آخر تک نظام کی کوئی نئی شکل نکل آ ئے گی،پی پی پی مشکل میں نظر آتی ہے،کٹھ پتلی تماشے میں پی پی پی حصہ تو ڈالے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button