سائنس دانوں نے ایک ہی مشروم میں موت اور نشہ دریافت کر لیا!

امریکی محققین نے ایک نایاب مشروم دریافت کیا ہے جو بیک وقت جان لیوا زہر اور سائیکیڈیلک اثرات پیدا کرنے والا مادہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔امریکی ریاست فلوریڈا کی یونیورسٹی آف فلوریڈا اور دیگر تحقیقی اداروں کے سائنس دانوں نے ایک نایاب مشروم دریافت کیا ہے جو بیک وقت دو انتہائی مختلف کیمیائی مادے پیدا کرتا ہے۔ ان میں ایک جان لیوا زہر امے ٹوکسِنز جبکہ دوسرا سائلو سائِبن ہے، جو میجک مشرومز کے نفسیاتی اور نظر کے فریب پیدا کرنے والے اثرات کا ذمہ دار ہوتا ہے۔محققین نے اس منفرد مشروم کو ’ڈارک میجک مشروم‘ کا نام دیا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق اس کی جینیاتی ساخت کا مطالعہ پھپھوندی کی مختلف اقسام اور ان کے ارتقائی عمل سے متعلق اہم معلومات فراہم کر سکتا ہے۔تحقیق کے مرکزی مصنف اور یونیورسٹی آف فلوریڈا کے ماہرِ حیاتیات اینڈریو کُنِک کے مطابق انسانی تاریخ میں مشروم کو عموماً دو مختلف حوالوں سے دیکھا جاتا رہا ہے۔ ایک طرف وہ مشروم ہیں جو نفسیاتی اثرات اور نظر کا فریب پیدا کرتے ہیں جبکہ دوسری طرف ایسے مشروم ہیں جو انتہائی زہریلے اور جان لیوا ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈارک میجک مشروم کی دریافت ان دونوں دنیاؤں کا غیر معمولی امتزاج ہے کیونکہ یہ ایک ہی نوع ہے جو دونوں طرح کے اثرات سے وابستہ کیمیائی مادے پیدا کرتی ہے۔








