واشنگٹن میں ڈرٹی بم حملے کا خطرہ؟ ایران پر ٹرمپ انتظامیہ کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا الزام

واشنگٹن: امریکی میڈیا نے انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے لیے ’ڈرٹی بم‘ یا کیمیائی ہتھیار کے ممکنہ استعمال کی منصوبہ بندی کی ہے۔ تاہم امریکی حکام کے درمیان اس بات پر اختلاف پایا جاتا ہے کہ آیا ایران ایسا حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یا واقعی اس کا ارادہ رکھتا ہے۔امریکی حکام کے حوالے سے بتایاگیا کہ ایران کی مبینہ منصوبہ بندی فی الحال ممکنہ کارروائیوں کے راستے کھلے رکھنے کی کوشش ہے، اسے فوری حملے کی تیاری کا ثبوت قرار نہیں دیا گیا۔رپورٹ میں دو ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ منصوبہ بندی میں مخصوص مقامات اور اہداف کی نشاندہی بھی شامل ہے، جس کے بعد امریکی حکام نے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ہنگامی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے اس معاملے پر کئی اجلاس بھی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق امریکی اداروں نے ایسی ایرانی مواصلاتی گفتگو بھی پکڑی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ دھماکا خیز مواد کی تیاری میں استعمال ہونے والی ممکنہ اشیا امریکا کے اندر خفیہ طور پر چھپائی گئی ہیں۔تاہم امریکی حکام ان اطلاعات کی صداقت کے بارے میں یکساں رائے نہیں رکھتے۔ بعض ذرائع کے مطابق یہ بھی واضح نہیں کہ ایران کے پاس امریکا میں اس نوعیت کی کارروائی کرنے کے لیے مطلوبہ افراد اور نیٹ ورک موجود ہیں یا نہیں۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارین بِس نے سی این این کو بتایا کہ انتظامیہ ہر ممکن خطرے پر نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم اس وقت امریکا کو درپیش کسی قابلِ اعتبار اندرونی خطرے کی نشاندہی نہیں ہوئی۔رپورٹ کے مطابق امریکی حکام ان اطلاعات کو واشنگٹن کے حملوں اور اقتصادی ناکہ بندی کے دباؤ کے تناظر میں ایران کی جانب سے کشیدگی بڑھانے کی ممکنہ علامت سمجھ رہے ہیں۔








