بیونسے گریمی ایوارڈز میں 100 نامزدگیاں حاصل کرنے والی پہلی فنکارہ بن گئیں

امریکی گلوکارہ بیونسے نے موسیقی کی تاریخ میں ایک اور منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ وہ گریمی ایوارڈز میں مجموعی طور پر 100 نامزدگیاں حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی فنکارہ بن گئی ہیں۔بیونسے کو رواں برس اپنے گانے ’مارننگ ڈیو (ڈونک)‘ پر بہترین آر اینڈ بی سولو پرفارمنس کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا ہے۔ یہ نامزدگی ان کے کیریئر کی 100 ویں گریمی نامزدگی ہے، جس کے ساتھ انہوں نے ایک نئی تاریخ رقم کردی۔اس سے قبل 2024 میں بھی بیونسے گریمی ایوارڈز کی تاریخ میں سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے والی فنکارہ بن گئی تھیں۔ اس اعزاز کے لیے انہوں نے اپنے شوہر اور معروف گلوکار جے زی کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔گریمی ایوارڈز میں بیونسے کی کامیابی صرف نامزدگیوں تک محدود نہیں، بلکہ ایوارڈز جیتنے کے معاملے میں بھی ان کا ریکارڈ سب سے نمایاں ہے۔ وہ اب تک مجموعی طور پر 35 گریمی ایوارڈز حاصل کرچکی ہیں اور اس اعتبار سے اس تقریب کی تاریخ کی کامیاب ترین فنکارہ ہیں۔انہوں نے 2023 میں سب سے زیادہ گریمی ایوارڈز جیتنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا، جبکہ 2025 میں اپنے البم ’کاؤ بوائے کارٹر‘ کے لیے پہلی مرتبہ بہترین البم آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔گریمی ایوارڈز کی 69 ویں تقریب 7 فروری 2027 کو لاس اینجلس کے کرپٹو ڈاٹ کام ایرینا میں منعقد ہوگی۔ اس موقع پر بیونسے کے پاس اپنی 100 ویں نامزدگی کو ایوارڈ میں تبدیل کرنے کا موقع بھی ہوگا۔








