Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پاکستان کے پہلے وائلڈ لائف ہسپتال کی تعمیر مکمل

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت جانوروں، پرندوں اور جنگلی حیات کے علاج و تحفظ کے لیے پاکستان کے پہلے جدید وائلڈ لائف ہسپتال کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔ جدید سہولیات سے آراستہ ہسپتال میں 12 آپریشن تھیٹرز اور 2 معائنہ رومز قائم کیے گئے ہیں۔پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے دورے کے موقع پر منعقدہ اجلاس میں وائلڈ لائف ہسپتال سمیت مختلف منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت وائلڈ لائف ہسپتال کا قیام جنگلی حیات کے علاج اور تحفظ کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جلو پارک کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت جدید ایکو ٹورازم مرکز بنانے کے لیے ماسٹر پلان اور بزنس پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ سفاری میں جراف کیفے اور ٹری ہاؤس کیفے کی تعمیر بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ دونوں کیفے عوام کو قدرتی ماحول میں تفریح کی جدید اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کریں گے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنگلات میں آگ کی بروقت نشاندہی کے لیے ارلی فائر ڈیٹیکشن سسٹم نصب کیا جا رہا ہے، جبکہ اے آئی، لانگ رینج تھرمل کیمروں اور سیٹلائٹ مانیٹرنگ کے ذریعے جنگلات کی لائیو نگرانی کی جا رہی ہے، جس سے جنگلات کے تحفظ اور نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں ایک سال کے دوران 5 کروڑ پودے لگانے کا تاریخی سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے جبکہ مون سون شجرکاری مہم کے دوران ایک کروڑ سے زائد مزید پودے لگائے جا رہے ہیں۔ صوبے میں 285 جیو ٹیگنگ نرسریاں فعال ہو چکی ہیں جہاں ہر پودے کا مکمل ریکارڈ اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ یقینی بنائی جا رہی ہے۔بریفنگ کے مطابق 5 ہزار سے زائد اہلکاروں پر مشتمل فارسٹ رینجرز فورس میں پہلی مرتبہ 215 خواتین اہلکار بھی شامل کی گئی ہیں۔ لکڑی چوری کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ عوام کی شمولیت سے غازی گھاٹ میں 1500 ایکڑ رقبے پر شجرکاری کی جائے گی۔ اجلاس میں چھانگا مانگا، سفاری اور وائلڈ لائف کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ایکو ٹورازم کے فروغ کے لیے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے دورے کے دوران جنگلات کی لائیو مانیٹرنگ، جیو ٹیگنگ، سیٹلائٹ سرویلنس اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا بھی معائنہ کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button