Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
ٹیکنالوجی

بچوں کی حفاظت پر میٹا کے خلاف اہم مقدمہ، رواں ہفتے کیا ہونے جا رہا ہے؟

امریکی ریاستوں اور ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے درمیان بچوں کی آن لائن حفاظت سے متعلق اہم مقدمے کی سماعت رواں ہفتے کیلیفورنیا میں شروع ہو رہی ہے۔ مقدمے میں فیس بک اور انسٹاگرام پر بچوں اور نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ وقت تک مصروف رکھنے کے لیے مبینہ طور پر ایسے فیچرز ڈیزائن کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے جو انہیں پلیٹ فارمز کا عادی بناتے ہیں۔امریکی ریاستوں کا مؤقف ہے کہ میٹا نے نوجوانوں کی ذہنی صحت کو درپیش بحران میں کردار ادا کیا اور منافع کے حصول کے لیے بچوں کو اپنی سوشل میڈیا سروسز پر زیادہ دیر تک رکھنے کی حکمت عملی اپنائی۔مقدمے میں یہ الزام بھی شامل ہے کہ میٹا نے 13 سال سے کم عمر بچوں کا والدین کی اجازت کے بغیر ڈیٹا جمع کیا، جو وفاقی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔یہ مقدمہ تین سال قبل درجنوں امریکی ریاستوں نے دائر کیا تھا۔منگل کو کیلیفورنیا کے شہر اوکلینڈ کی وفاقی عدالت میں شروع ہونے والے ٹرائل میں کیلیفورنیا، کولوراڈو، کینٹکی اور نیو جرسی مدعی ریاستوں کے طور پر شامل ہیں، جبکہ دیگر 25 ریاستوں کے مقدمات بعد میں چلنے کی توقع ہے۔ریاستوں کی جانب سے میٹا کے پلیٹ فارمز کے آپریشنز میں وسیع پیمانے پر تبدیلیاں کرانے کے ساتھ ساتھ بھاری مالی ہرجانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے، جس کی مجموعی رقم 1400 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔یہ مقدمہ میٹا کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس کا فیصلہ نہ صرف کمپنی پر ممکنہ طور پر بھاری مالی بوجھ ڈال سکتا ہے بلکہ بچوں اور نوجوانوں کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ڈیزائن، ڈیٹا اکٹھا کرنے اور حفاظتی پالیسیوں میں بھی بڑی تبدیلیوں کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔میٹا کے لیے بچوں اور نوجوانوں کو پہنچنے والے مبینہ نقصانات سے متعلق مقدمات کے باعث قانونی دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔ کمپنی اس سال پہلے ہی بچوں اور نوعمروں کو پہنچنے والے نقصانات سے متعلق دو اہم مقدمات میں شکست کا سامنا کر چکی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button