ایک ہی فلائٹ نمبر کے دو طیارے آمنے سامنے، مسافر بال بال بچ گئے

امریکا میں ایک ہی فلائٹ نمبر کے ساتھ پرواز کرنے والے دو مسافر طیاروں کے فضائی راستے ایک دوسرے کے قریب آگئے جس وجہ سے ٹکرانے کا خدشہ ہونے لگا، مگر ایئر ٹریفک کنٹرولر کی بروقت حاضر دماغی نے ممکنہ خطرے کو ٹال دیا۔امریکی فضائی کمپنی امریکن ایئرلائنز کے دونوں طیارے اتفاقاً فلائٹ نمبر 2482 کے تحت پرواز کر رہے تھے۔ ایک طیارہ شکاگو سے فینکس پہنچ رہا تھا جبکہ دوسرا فینکس سے روانہ ہو چکا تھا۔دونوں طیاروں کا کال سائن ایک جیسا ہونے کے باعث خدشہ تھا کہ پائلٹس ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایات کو اپنے لیے سمجھ سکتے ہیں، خصوصاً اس وقت جب دونوں کے فضائی راستے ایک دوسرے کے قریب آرہے تھے۔صورتحال بھانپتے ہی کنٹرولر نے دونوں طیاروں کو الگ الگ شناخت دینے کے لیے ایک کو ’ارائیول‘ اور دوسرے کو ’ڈیپارچر‘ کہنا شروع کر دیا۔کنٹرولر نے آنے والے طیارے کو دوسرے طیارے سے زیادہ بلندی پر رکھا جبکہ روانہ ہونے والے طیارے کو مزید اوپر جانے سے روک دیا، جس سے دونوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رہا۔ دونوں پروازیں بحفاظت اپنی منزل کی جانب روانہ ہوئیں اور کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔



