Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

اقلیتوں کے قومی دن پر سیاسی قیادت کے پیغامات، مساوی حقوق، تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے عزم کا اظہار

اسلام آباد،لاہور ( آصف اقبال ) پاکستان میں آج 11 اگست کو قومی یومِ اقلیت منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر قانون و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے اقلیتی برادریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مساوی حقوق، مذہبی آزادی، تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا وژن آج بھی ریاست کی رہنمائی کرتا ہے اور پاکستان میں ہر شہری کو بلاامتیاز مذہب، ذات اور عقیدے کے مساوی حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے مذہبی رہنماؤں، تعلیمی اداروں، میڈیا، سول سوسائٹی اور ریاستی اداروں پر زور دیا کہ وہ رواداری اور باہمی احترام کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ آنے والی نسلوں کو امن، ترقی، استحکام اور باہمی احترام پر مبنی پاکستان دیا جا سکے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کے قومی تشخص اور معاشرتی و ثقافتی تنوع کا اہم حصہ ہیں اور ملکی ترقی و خوشحالی میں ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ وزیراعظم نے قائداعظم محمد علی جناح کے 11 اگست 1947 کے تاریخی خطاب کو یاد کرتے ہوئے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے لیے مساوی مواقع، مذہبی آزادی اور پرامن بقائے باہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ قائداعظم کا پاکستان سب کا وطن ہے جہاں تمام شہری اپنے اپنے عقیدے کے مطابق محفوظ اور آزاد ہیں۔ انہوں نے اقلیتوں کو پاکستانی معاشرے کا حسن اور سر کا تاج قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی عزت، ناموس، تحفظ اور ترقی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ مریم نواز کے مطابق پنجاب حکومت اقلیتی برادری کو تعلیم، صحت، روزگار اور فلاح و بہبود کے مواقع فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے صوبے میں مینارٹی کارڈ، اقلیتی طلبہ کے لیے وظائف، مذہبی تہواروں کے لیے گرانٹس اور تاریخی گوردواروں، چرچز اور مندروں کی تعمیر و بحالی سمیت مختلف اقدامات کا بھی ذکر کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اقلیتی برادریوں کی تعلیم، صحت، دفاع، تجارت اور دیگر شعبوں میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کی مساوات اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی یومِ اقلیت باہمی احترام، رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے عزم کی تجدید کا موقع ہے۔وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قومی کمیشن برائے اقلیتی حقوق (National Commission for Minorities) کو جلد فعال کیا جائے گا۔ ان کے مطابق کمیشن اقلیتی برادریوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ادارہ جاتی نظام کو مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ تمام شہریوں کو مساوی حقوق، عزت، انصاف اور مواقع فراہم کیے جائیں۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان میں ہر شہری برابر ہے اور اقلیتیں ملک کی طاقت ہیں۔ انہوں نے ہندو، مسیحی، سکھ، پارسی اور دیگر اقلیتی برادریوں کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کی خوبصورتی مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے رنگوں سے عبارت ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے بھی اقلیتوں کے حقوق اور مساوی شہریت کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پیغام میں اقلیتوں کو قومی ترقی اور قوم سازی میں ان کے کردار پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ پارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے بھی قائداعظم کے 11 اگست کے وژن کی روشنی میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا۔صدر مملکت کی جانب سے جاری پیغام کے علاوہ فرسٹ لیڈی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے بھی قومی یومِ اقلیت پر پاکستان بھر کی اقلیتی برادریوں کو مبارکباد دی اور اس دن کو مساوی شہریت، مذہبی آزادی اور قومی یکجہتی کے عزم کی تجدید کا موقع قرار دیا۔سیاسی قیادت کے مجموعی پیغامات میں اس امر پر اتفاق نظر آیا کہ پاکستان کی اقلیتی برادریاں ملک کی تعمیر و ترقی، معیشت، تعلیم، دفاع، صحت، تجارت اور سماجی زندگی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئین میں دیے گئے حقوق کا تحفظ، مذہبی آزادی، رواداری، مساوی مواقع اور بین المذاہب ہم آہنگی کو مزید فروغ دیا جائے گا۔قومی یومِ اقلیت کی اہمیت اس اعتبار سے بھی نمایاں ہے کہ 11 اگست 1947 کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے دستور ساز اسمبلی سے اپنے تاریخی خطاب میں تمام شہریوں کے مذہبی آزادی اور مساوی حیثیت کے اصول واضح کیے تھے۔ پاکستان میں 11 اگست کو قومی یومِ اقلیت کے طور پر منانے کا مقصد اقلیتی برادریوں کی ملکی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور ان کے حقوق کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرنا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button