Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

فیک نیوز پھیلانے والوں کا احتساب صحافتی تنظیمیں خود کریں: عظمیٰ بخاری

لاہور ( آصف اقبال ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صحافت ایک مقدس، ذمہ دار اور باوقار پیشہ ہے، جبکہ فیک نیوز اور پروپیگنڈا پھیلانے والوں کا احتساب صحافتی تنظیموں کو خود کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری اپنی صفوں میں موجود کالی بھیڑوں کی نشاندہی کرے اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کے تحفظ کے لیے ڈسپلنری کمیٹیاں قائم کرے۔لاہور میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یوٹیوب پر جھوٹ پھیلانے والا یوٹیوبر تو ہو سکتا ہے، صحافی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر شخص موبائل اور مائیک اٹھا کر صحافی نہیں بن جاتا، جبکہ صحافی کا کوئی سیاسی لیڈر نہیں ہوتا بلکہ وہ صرف عوام اور سچائی کا نمائندہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا کو وسیع آزادی حاصل ہے، تاہم آزادی اظہار کے ساتھ ذمہ داری بھی لازم ہے۔ بے بنیاد الزامات اور کردار کشی کو اظہارِ رائے نہیں کہا جا سکتا، جبکہ بیرونِ ملک بیٹھ کر پاکستان کے خلاف منظم پروپیگنڈا کرنے والے عناصر صحافت کے نام پر ملک دشمن بیانیہ فروغ دے رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پنجاب حکومت صحافی کی جامع تعریف، میڈیا ایکریڈیٹیشن، میڈیا لسٹوں اور اخبارات سے متعلق امور کا ازسرنو جائزہ لے رہی ہے اور اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی بھی قائم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صحافتی تنظیمیں خود مؤثر احتسابی نظام نافذ کریں تو حکومت کو سخت قوانین متعارف کرانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق معلومات کی اشاعت سے افراد، اداروں اور قومی مفاد کو نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ ڈیپ فیک ویڈیوز اور جعلی مواد بھی بڑا چیلنج بن چکے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button