Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

27 ستمبر کا لانگ مارچ ہر صورت ہوگا، تمام آئینی و قانونی راستے آزما لیے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

پشاور (آصف اقبال، اردو ٹائمز یو ایس اے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے تمام آئینی، قانونی اور جمہوری راستے اختیار کرلیے، لیکن شنوائی نہ ہونے کے بعد اب پرامن احتجاج کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں رہا۔ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ہر صورت ہوگا اور عوام اپنے آئینی و جمہوری حقوق کے لیے بھرپور انداز میں اپنا مؤقف سامنے رکھیں گے۔وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ 26 نومبر 2024 کے بعد تقریباً دو سال کے دوران پی ٹی آئی نے نہ کوئی بڑا لانگ مارچ کیا، نہ بڑا احتجاج اور نہ ہی خیبرپختونخوا سے باہر کوئی بڑا جلسہ کیا۔ ہم نے خیبرپختونخوا اسمبلی، قومی اسمبلی اور عدالتوں سمیت تمام آئینی و قانونی فورمز سے رجوع کیا، مگر مسائل حل نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو خطوط لکھے گئے لیکن کوئی جواب نہیں ملا، جبکہ عدالتوں کی جانب سے عمران خان سے ملاقات اور علاج سے متعلق احکامات بھی دیے گئے، جن پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ ایک سیاسی جماعت اس کے بعد اور کیا راستہ اختیار کرے؟وزیراعلیٰ نے کہا کہ 9 اپریل 2022 کے بعد سے پی ٹی آئی کو مسلسل مشکلات کا سامنا ہے، کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاریوں کے باوجود پارٹی نہ ٹوٹی اور نہ ختم ہوئی۔ ان کے بقول عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کی تینوں بہنوں کی گرفتاریوں کے باوجود تحریک جاری ہے۔محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری اور سیاسی جماعت کا آئینی حق ہے، 27 ستمبر کو یہ حق استعمال کیا جائے گا۔ عوام میں موجود جذبہ اس امر کا ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔پریس کانفرنس میں قائم مقام چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان اور دیگر پارلیمنٹیرینز بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button