نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل تجربہ کار آسٹریلوی کھلاڑی ٹیم سے ڈراپ

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ہونے والی چار ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے مارنس لبوشین کو ٹیم کے انتخاب سے باہر کر دیا ہے۔آسٹریلوی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین جارج بیلی نے پیر کو تصدیق کی کہ مارنس لبوشین نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں انتخاب کے لیے زیر غور نہیں ہوں گے۔ سلیکشن کمیٹی نے یہ فیصلہ پہلے ہی سامنے لانے کا مقصد یہ بتایا ہے کہ لبوشین بغیر کسی قیاس آرائی کے دوبارہ شیفیلڈ شیلڈ میں کوئنز لینڈ کی کپتانی پر توجہ دے سکیں۔جارج بیلی کے مطابق مارنس لبوشین نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ سمیت پوری سیریز کے لیے ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لبوشین کی ٹیم میں جگہ سے متعلق کافی قیاس آرائیاں جاری تھیں، اس لیے سلیکشن کمیٹی نے صورت حال واضح کرنا مناسب سمجھا۔آسٹریلیا کی سلیکشن کمیٹی شیفیلڈ شیلڈ کے چوتھے راؤنڈ کے اختتام پر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ کا انتخاب کرے گی۔ چوتھے راؤنڈ کے میچز بدھ سے شروع ہوں گے۔مارنس لبوشین گزشتہ سیزن ایشز سیریز میں آسٹریلوی ٹیم میں واپسی کے بعد 10 ٹیسٹ میچز میں 23.66 کی اوسط سے رنز بنا سکے ہیں۔ وہ 16 اننگز میں صرف ایک نصف سنچری اسکور کر پائے ہیں، جبکہ ان کی آخری ٹیسٹ سنچری 2023 میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے چوتھے میچ میں بنی تھی۔








