
تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہیں کہ امریکا کی بڑی اکثریت اسرائیل سے ناخوش ہے۔ان کے مطابق امریکی عوام اسرائیل کی جانب سے امریکی حکومتوں کو مسلسل جنگوں میں دھکیلنے سے تنگ آچکے ہیں۔عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکی عوام اب مزید ایسی جنگیں نہیں چاہتے جن میں اسرائیل کی وجہ سے امریکا ملوث ہوتا رہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی شہری اسرائیل کی جانب سے امریکی انتظامیہ کو طویل اور مسلسل جنگوں میں الجھانے سے بیزار ہوچکے ہیں، امریکی عوام اب مزید یہ صورت حال برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں اور مشرقِ وسطیٰ کے عوام بھی مسلسل جنگوں سے تنگ آچکے ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس تبصرے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکی عوام میں اسرائیل کے لیے شدید ناپسندیدگی پائی جاتی ہے۔ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں اپنی جماعت کو ہونے والے نقصان کی وجوہات میں ایران جنگ، ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور اسرائیل مخالف جذبات کو بھی شامل کیا تھا۔








