ایشین اسکواش چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر قومی مینز ٹیم کو مبارکباد

اسلام آباد: وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ، وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے بین الصوبائی رابطہ مہرین ساجد اور سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی نے 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026ء میں گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستان کی مینز اسکواش ٹیم کو دلی مبارکباد دی ہے۔اسلام آباد کے مصحف اسکواش کمپلیکس میں منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان نے ہفتے کی شب جنوبی کوریا کو 0-2 سے شکست دے کر ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا اور اسکواش میں ملک کی شاندار روایات کو مزید آگے بڑھایا۔وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر اور سیکرٹری نے فائنل میں نور زمان اور محمد عاصم خان کی شاندار کارکردگی کو سراہا، جنہوں نے اپنی عمدہ کھیل کی بدولت پاکستان کو اہم کامیابی دلائی۔ نور زمان نے جنوبی کوریا کے جیونگ من ریو کو 5-11، 7-11، 11-13 جبکہ محمد عاصم خان نے سیوجن اوہ کو 6-11، 5-11، 4-11 سے شکست دے کر پاکستان کی فتح یقینی بنائی۔انہوں نے کہا کہ یہ شاندار کامیابی قومی کھلاڑیوں کی غیر معمولی صلاحیتوں، عزم، نظم و ضبط اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ ہوم گراؤنڈ پر ایشین ٹائٹل جیتنے سے اس کامیابی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے اور اس سے عالمی سطح پر اسکواش میں پاکستان کی صلاحیتوں کا اظہار ہوتا ہے۔








