Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

اسلام آباد پر دھاوا بولنے والوں کو سخت نتائج کا سامنا ہوگا: محسن نقوی

لاہور ( آصف اقبال ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی تیاری کر رہی ہے، تاہم اب بھی وقت ہے کہ وہ بند گلی میں جانے سے گریز کرے۔ وفاقی دارالحکومت پر دھاوا بولنے یا امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کو اس بار سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد پر دھاوا بولنے سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ اس بار ایسا نہیں ہوگا کہ کوئی آئے اور ملک 10 سے 20 روز کے لیے بند ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کے زیادہ تر لوگ لانگ مارچ نہیں کرنا چاہتے، اس لیے انہیں چاہیے کہ ابھی بھی وقت ہے اور وہ ایسے راستے پر نہ جائیں جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایسے سیاسی احتجاج اور ڈراموں سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا، اس بار مستقل لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی کو مشورہ ہے کہ وہ اپنا اور اپنے کارکنوں کا نقصان نہ کرے۔ لانگ مارچ کے حوالے سے دھمکی آمیز بیانات سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اگر احتجاج کے لیے اسلام آباد آنے کی کوشش کی گئی تو اس بار کوئی کمی نہیں چھوڑی جائے گی محسن نقوی نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی دھرنے کے لیے اسلام آباد آتی ہے تو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ ان کے بقول پی ٹی آئی کو خود بھی معلوم نہیں کہ اس کا مطالبہ کیا ہے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر مطالبہ عمران خان کے چیک اپ کا ہے تو ان کا طبی معائنہ گزشتہ رات بھی ہوا ہے۔ عمران خان کے علاج کے لیے قانون کے مطابق ہر ممکن اقدام کیا جائے گا، تاہم کسی کے کہنے پر ان کا چیک اپ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی کے چیک اپ سے متعلق بتانے کی ضرورت نہیں، جو لوگ بیانات دینا چاہتے ہیں انہیں بیان دینے دیں۔ہنگو میں شہید ہونے والے افراد کے جنازوں میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ اور کسی وزیر کی عدم شرکت پر محسن نقوی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن اختلافات کو اس انتہا تک نہیں لے جانا چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ شہداء کے جنازوں میں شرکت نہ کرنا کیا بے حسی کی علامت نہیں؟پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ سے منسلک ہے۔ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عوام اس کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں اور اگر اللہ نے چاہا تو ملک میں نئے صوبے ضرور بنیں گے۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button