ماں جیسی ریاست میں پنجاب کی بیٹی ہر میدان میں آگے، وزیراعلیٰ مریم نواز کا پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی ریکروٹ کلاس کورس 18 کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں شرکت کی، جہاں پنجاب پولیس اور پنجاب ہائی وے پولیس کی 1,156 لیڈی ریکروٹس نے تربیت مکمل کرنے کے بعد پاس آؤٹ کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی پریڈ گراؤنڈ آمد پر لیڈی پائلٹس اسکواڈ کی سیکیورٹی میں شاندار استقبال کیا گیا اور ان پر گل پاشی کی گئی۔ تقریب میں موجود لیڈی ریکروٹس کے والدین نے بھی وزیراعلیٰ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر لیڈی ریکروٹس کے چاق و چوبند دستے نے جنرل سلامی پیش کی، جس کے بعد وزیراعلیٰ نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور مارچ پاسٹ کا مشاہدہ کیا۔تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والی لیڈی ریکروٹس میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج کیپٹن سہیل نے وزیراعلیٰ کو یادگاری پینٹنگ پیش کی، جبکہ لیڈی کمانڈوز نے مختلف فارمیشنز کے ذریعے سلامی پیش کی۔ پنجاب پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لیڈی کمانڈوز نے خصوصی فارمیشن بنا کر CMP (چیف منسٹر پنجاب) کا مخفف تشکیل دیا، جسے تقریب کا منفرد اور قابلِ توجہ لمحہ قرار دیا گیا۔پنجاب پولیس کے بینڈز نے قومی اور ملی نغموں کی دھنیں پیش کرکے تقریب کو مزید پرجوش بنا دیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ماں جیسی ریاست میں پنجاب کی بیٹی ہر میدان میں آگے ہے۔ انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والی تمام لیڈی ریکروٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پیشہ ورانہ صلاحیت، دیانت داری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں گی اور صوبے میں امن و امان کے قیام میں مؤثر کردار ادا کریں گی۔



