Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

وزیراعظم شہباز شریف کا دوحہ میں امیرِ قطر سے اظہارِ تعزیت، پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ

لاہور( آصف اقبال) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور اعلیٰ حکام کے ہمراہ دوحہ پہنچ کر ریاستِ قطر کے امیرِ والد، عزت مآب شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے قطر کی قیادت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔وزیراعظم کی قیادت میں پاکستانی وفد نے امیرِ قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی اور مرحوم امیرِ والد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی دوراندیش قیادت، مدبرانہ بصیرت اور قطر کی ترقی کے لیے ان کی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے مرحوم کے کردار کو بھی سراہا۔وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ مرحوم امیرِ والد کی دیرینہ محبت، گرمجوش تعلقات اور پاکستان کے متعدد یادگار دوروں کا ذکر کرتے ہوئے انہیں دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم شخصیت قرار دیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے اس دکھ کی گھڑی میں قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور قطری شاہی خاندان کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے وزیراعظم شہباز شریف، میاں محمد نواز شریف، سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور پاکستانی وفد کا ذاتی طور پر دوحہ آ کر تعزیت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور قطر کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کا مظہر ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button