فیفا ورلڈ کپ، کانگو نے ازبکستان کو شکست دے کر میگا ایونٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی

جمہوریہ کانگو (ڈی آر کانگو) نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ازبکستان کو 1-3 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں اب اس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔گروپ کے کے آخری میچ میں ازبکستان نے بہتر آغاز کیا اور دفاعی غلط فہمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایلڈور شومورودوف نے گول کر کے اپنی ٹیم کو ابتدائی برتری دلا دی۔پہلے ہاف میں ازبکستان نے کئی خطرناک حملے بھی کیے تاہم وہ اپنی برتری میں اضافہ نہ کر سکا۔دوسری جانب کانگو کو پہلے ہاف میں ایک گول بھی ملا لیکن ریفری نے فاؤل کی بنیاد پر اسے مسترد کر دیا۔ اس کے باوجود افریقی ٹیم نے ہمت نہ ہاری اور وقفے کے بعد مکمل اعتماد کے ساتھ میدان میں اتری۔کانگو کو 68ویں منٹ میں برابری کا موقع اس وقت ملا جب ازبکستان کے عبدالقدیر خوسانوف نے یوان ویسا کو پنالٹی ایریا میں گرایا۔ریفری نے پنالٹی کا فیصلہ دیا جسے ویسا نے کامیابی سے گول میں تبدیل کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔



