معروف اداکارہ نے عامر خان کے بھائی کے ساتھ شادی اور تشدد کا انکشاف کردیا

بھارتی ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ایوا گروور نے اپنی ناکام ازدواجی زندگی سے متعلق کئی نئے اور دل دہلا دینے والے انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عامر خان کے سوتیلے بھائی حیدر علی خان کے ساتھ شادی ان کی زندگی کا ایسا فیصلہ ثابت ہوئی جس پر انہیں بعد میں شدید پچھتاوا ہوا۔ایک حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نے کہا کہ کم عمری ہی سے ان کے ذہن میں شادی اور ایک خوشحال خاندان کا خواب موجود تھا۔ ان کے مطابق وہ نوعمری سے ہی ایک ایسی زندگی کا تصور کرتی تھیں جو کسی رومانوی کہانی کی طرح ہو، مگر عملی زندگی میں حالات اس کے برعکس نکلے۔ایوا گروور نے بتایا کہ انہوں نے حیدر علی خان کو محض 18 دن جاننے کے بعد شادی کا فیصلہ کر لیا تھا۔ ان کے بقول آج جب وہ ماضی پر نظر ڈالتی ہیں تو محسوس ہوتا ہے کہ اتنے کم وقت میں کسی شخص کی اصل شخصیت کو سمجھنا ممکن نہیں ہوتا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ شاید اس فیصلے میں جلد بازی ان کی اپنی غلطی بھی تھی۔اداکارہ نے انکشاف کیا کہ خاندان کی مخالفت کے باوجود انہوں نے گھر چھوڑ کر حیدر علی خان سے شادی کی۔ اس وقت ان کا کیریئر عروج پر تھا اور دونوں مختلف مذاہب سے تعلق رکھتے تھے، تاہم انہوں نے تمام اعتراضات نظر انداز کرتے ہوئے شادی کر لی۔ایوا کے مطابق شادی کے کچھ ہی عرصے بعد انہیں احساس ہو گیا کہ ان کے شوہر وہ شخص نہیں تھے جس کا انہوں نے تصور کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے بڑا مسئلہ ان کا شدید غصہ تھا، جس نے ازدواجی زندگی کو متاثر کرنا شروع کر دیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اس سے پہلے کبھی اتنا جارحانہ رویہ نہیں دیکھا تھا۔جب ان سے براہِ راست پوچھا گیا کہ کیا ان پر جسمانی تشدد بھی کیا جاتا تھا تو انہوں نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر پرتشدد مزاج رکھتے تھے اور وہ کئی مواقع پر جسمانی تشدد کا شکار ہوئیں۔ تاہم انہوں نے کسی ایک مخصوص واقعے کی تفصیلات بیان کرنے سے گریز کیا۔اداکارہ نے کہا کہ وہ برسوں تک اس رشتے میں صرف اس لیے رہیں کیونکہ وہ اپنے شوہر سے محبت کرتی تھیں اور انہیں مسلسل یہ احساس دلایا جاتا تھا کہ ہر خرابی کی ذمہ دار وہ خود ہیں۔ ان کے مطابق انہیں بار بار بتایا جاتا تھا کہ وہ نااہل ہیں اور معاملات کو صحیح طریقے سے سنبھالنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔



