ماں کی کمی آج بھی محسوس ہوتی ہے، جھانوی کپور کا جذباتی اعتراف

بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے اپنی والدہ اور بھارتی فلم انڈسٹری کی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی کی وفات کے برسوں بعد بھی ان کی جدائی کے درد کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا خلا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایسا دکھ ہے جو وقت گزرنے کے باوجود کبھی مکمل طور پر ختم نہیں ہو سکتا۔ایک حالیہ انٹرویو میں جھانوی کپور نے اپنی ذاتی زندگی، کیریئر اور والدہ کی یادوں پر کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ سری دیوی صرف ایک عظیم اداکارہ ہی نہیں بلکہ ایک ایسی شخصیت تھیں جن کی مثال دینا بھی مشکل ہے۔ ان کے مطابق کوئی بھی شخص سری دیوی جیسا نہیں ہو سکتا اور وہ خود بھی کبھی اپنی والدہ کے مقام تک پہنچنے کا دعویٰ نہیں کر سکتیں۔جھانوی نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ اکثر لوگ ان کا موازنہ سری دیوی سے کرتے ہیں، تاہم ان کے خیال میں ان کی والدہ کی شخصیت، فنکارانہ صلاحیت اور انڈسٹری پر اثرات منفرد تھے۔ انہوں نے کہا کہ سری دیوی نے جو مقام حاصل کیا، وہ اپنی نوعیت میں بے مثال ہے۔



