سڈنی لوپیس کابرال کا ارجنٹینا کیخلاف شاندار گول فیفا ورلڈکپ 2026 کا بہترین گول قرار

فیفا ورلڈکپ 2026 میں کیپ وردے کے کھلاڑی سڈنی لوپیس کابرال کا ارجنٹینا کے خلاف کیا گیا دلکش گول ٹورنامنٹ کا بہترین گول قرار دے دیا گیا ہے۔راؤنڈ آف 32 کے سنسنی خیز مقابلے میں کابرال نے اضافی وقت کے دوران شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹائن کے مڈفیلڈر الیکسس میک ایلسٹر کو چکمہ دیا اور گیند کو خوبصورت انداز میں گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز کے اوپر سے گول پوسٹ میں پہنچا کر اسکور 2-2 سے برابر کر دیا۔ اس گول نے ازبکستان کے ایلڈور شومورودوف اور ہیٹی کے ولسن اسیڈور کے شاندار گولز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ’گول آف دی ٹورنامنٹ‘ کا اعزاز اپنے نام کیا۔کابرال نے کہا کہ جب انہیں گول کا موقع ملا تو انہوں نے بغیر ہچکچاہٹ کے شاٹ لینے کا فیصلہ کیا اور گیند کو ٹاپ کارنر کا رخ کرتے دیکھ کر خود بھی حیران رہ گئے۔انہوں نے بتایا کہ ورلڈکپ میں گول کرنا ہر فٹبالر کا خواب ہوتا ہے لیکن ارجنٹینا جیسی بڑی ٹیم کے خلاف اس انداز میں گول کرنا ناقابلِ فراموش لمحہ تھا۔



