فیفا ورلڈ کپ:اسپین کے کھلاڑی نے میڈل والدہ کے گلے میں ڈال دیا، جذباتی لمحے کے پیچھے جدوجہد کی داستان

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کی فتح کے بعد جشن کی کئی یادگار تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، تاہم سب سے زیادہ توجہ اسپین کے ونگر نیکو ولیمز کے اس جذباتی لمحے نے حاصل کی جب انہوں نے اپنی جیت کا میڈل اسٹیڈیم میں موجود اپنی والدہ کے گلے میں ڈال دیا۔ یہ منظر لاکھوں مداحوں کے دلوں کو چھو گیا لیکن اس ایک لمحے کے پیچھے برسوں کی قربانی، جدوجہد اور والدین کی بے مثال محبت کی داستان پوشیدہ ہے۔نیکو ولیمز کی پیدائش 2002 میں اسپین کے شہر بلباؤ میں ہوئی، تاہم ان کے والدین ماریا اور فیلکس ولیمز 1990 کی دہائی میں بہتر مستقبل کی تلاش میں گھانا چھوڑ کر اسپین پہنچے تھے۔اس وقت ماریا اپنے پہلے بیٹے ایناکی ولیمز سے سات ماہ کی حاملہ تھیں۔ دونوں میاں بیوی نے تین ہزار کلومیٹر سے زائد کا خطرناک سفر کیا جس کا کچھ حصہ کھلے ٹرکوں میں اور باقی صحرائے اعظم (صحارا) کو پیدل عبور کرتے ہوئے طے کیا۔بعد ازاں نیکو کے بڑے بھائی ایناکی ولیمز نے انکشاف کیا کہ اس سفر کے دوران ان کے والدین نے انتہائی سخت حالات کا سامنا کیا۔



