کیا دھنوش بھی تھلاپتی وجے کے بعد سیاست میں قدم رکھنے والے ہیں؟

بالی ووڈ اور ساوتھ انڈین فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور ہدایتکار دھنوش ایک بار پھر اپنی ممکنہ سیاسی انٹری کی خبروں کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔اداکار دھنوش نے حال ہی میں مداحوں کی جانب سے منعقد کیے گئے ایک بلڈ ڈونیشن کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ صرف فلمی تقریبات تک محدود نہ رہیں بلکہ اپنی یکجہتی کو عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کے لیے بھی استعمال کریں۔انہوں نے کہا، ’’اتنے لوگوں کا ایک جگہ جمع ہونا ایک بڑی طاقت ہے۔ اس طاقت کو ایک مقصد دینا چاہیے۔ صرف آڈیو لانچز اور فین میٹنگز تک محدود رہنے کے بجائے اپنے علاقوں کے لوگوں کی ضروریات کو سمجھیں اور جہاں ممکن ہو ان کی مدد کریں۔ میں چاہتا ہوں کہ مجھے آپ پر مزید فخر ہو، اور مجھے یقین ہے کہ آپ ایسا کریں گے۔‘‘دھنوش کی اس تقریر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین نے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ شاید وہ بھی تھلاپتی وجے کی طرح سیاست میں قدم رکھنے کی تیاری کر رہے ہیں۔کئی صارفین نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ دھنوش کی باڈی لینگویج اور اندازِ گفتگو ان کی ممکنہ سیاسی انٹری کا اشارہ دے رہے ہیں، جبکہ بعض نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ مستقبل میں وجے کی جماعت تملگا ویٹری کزگم میں شامل ہوں گے۔واضح رہے کہ دھنوش نے اب تک سیاست میں آنے کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔



