مشہور گلوگارہ الکا یاگنک کو بھارت کا اعلیٰ اعزاز، مداحوں کو جذباتی پیغام

بھارت کی مشہور گلوکارہ الکایاگنک طویل عرصے تک علالت کے باعث مداحوں سے دور رہنے کے بعد پہلی دفعہ عوامی تقریب میں شریک ہوئیں اور بھارت کا اعلیٰ عوامی اعزاز پدما بھوشن وصول کیا اورمداحوں کے نام اپنے جذباتی پیغام میں اپنی صحت سے بھی آگاہ کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری پیغام میں الکایاگنک نے لکھا کہ گزشتہ دو برس سے میں منظرعام، عوامی تقریبات میں شرکت اور اپنے سفر کے بارے میں آگاہ کرنے سے دور رہی ہوں، آپ میں سے کئی لوگ جانتے ہیں میں صحت کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کر رہی ہوں تاہم آپ سب کا پیار، دعائیں، پیغامات اور غیرمتزلزل حمایت ہر لمحے میں میرے ساتھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج میں ملک کے سب سے بڑے عوامی اعزاز پدما بھوشن وصول کرنے کے لیے باہر آئی ہوں تو میرا دل خوشی کے جذبات سے بھرا ہوا تھا، یہ اعزاز میرے لیے واقعی انتہائی عاجزی کا باعث ہے اگرچہ میرا نام اس پر درج ہے تاہم یہ ہر سامع کا ہے جنہوں نے میری آواز کو اپنی زندگی میں شامل کیا، نسلوں تک میرے آواز تبدیل کی اور ہر لمحہ چاہے کامیابیاں ہوں یا آزمائش میرے ساتھ کھڑے رہے۔



