مرونل ٹھاکر کی خود سے 10 سال چھوٹے کرکٹر سے تعلق کی افواہیں، اداکارہ کا ردعمل آگیا

بھارتی اداکارہ مرونل ٹھاکر نے اپنے سے 10 سال کم عمر کرکٹر یشاسوی جیسوال کے ساتھ مبینہ تعلقات کی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا۔ ہندی اور تیلگو فلموں میں کام کرنے والی 34 سالہ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو کے ردعمل میں افواہوں پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔مرونل اور یشاسوی جیسوال کے درمیان ڈیٹنگ کی قیاس آرائیوں نے اس وقت زور پکڑا جب دونوں کو ممبئی کے علاقے باندرہ ویسٹ میں ایک ہی کیفے سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے دونوں کے درمیان تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں شروع کردیں۔ویڈیو شیئر کرنے والے ایک اکاؤنٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے مرونل نے لکھا کہ ’’بھائی، ریلیکس، مجھے دکھاؤ کہ ہم ساتھ کہاں ہیں؟ آپ جیسے پڑھے لکھے لوگ ان افواہوں کو سچ کیسے مان سکتے ہیں؟‘‘ اداکارہ نے مزید کہا کہ ملک میں بہت سے اہم مسائل موجود ہیں، اس لیے جین زی سے کچھ سیکھ کر درست موضوعات پر ویڈیوز بنائی جائیں، جس سے زیادہ ویوز بھی حاصل ہوسکتے ہیں۔اگرچہ مرونل کا یہ تبصرہ اب مذکورہ ویڈیو کے نیچے دکھائی نہیں دے رہا، تاہم ان کے ردعمل کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہا ہے۔یہ پہلا موقع نہیں کہ مرونل ٹھاکر کا نام کسی معروف شخصیت کے ساتھ جوڑا گیا ہو۔ 2025 میں اداکارہ کے تعلقات کی افواہیں ساؤتھ انڈین اسٹار دھنوش کے ساتھ بھی سامنے آئی تھیں۔ یہ قیاس آرائیاں اگست 2025 میں اس وقت شروع ہوئیں جب مرونل اپنی فلم ’سن آف سردار 2‘ کے پریمیئر کے دوران دھنوش سے گرمجوشی سے ملیں۔



