سلمان خان سے دوستی کا خمیازہ؟ گرو رندھاوا کے جم پر فائرنگ، بشنوئی گینگ کی دھمکیاں

بھارتی گلوکار گرو رندھاوا ایک نئی پریشانی کا شکار ہوگئے، جب دہلی میں واقع ان کے فٹنس جم پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے دعووں نے معاملے کو مزید سنگین بنا دیا ہے، جہاں مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ نے حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے گرو رندھاوا کو براہِ راست خبردار کیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی کے علاقے پشم وہار میں موجود گرو رندھاوا کی فٹنس فرنچائز کے جم کو 10 جون کو نشانہ بنایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ دو موٹر سائیکل سوار، جنہوں نے اپنے چہرے ڈھانپ رکھے تھے، جم کے باہر پہنچے اور متعدد گولیاں چلانے کے بعد فرار ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی ادارے موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ حکام کے مطابق خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم فائرنگ نے علاقے میں خوف و ہراس پیدا کر دیا۔واقعے کے کچھ ہی دیر بعد سوشل میڈیا پر لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک ایک شخص، انیل پنڈت، کی جانب سے ایک پوسٹ سامنے آئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ گرو رندھاوا کے جم کو محض ایک انتباہ کے طور پر نشانہ بنایا گیا ہے۔ پوسٹ میں الزام لگایا گیا کہ گلوکار سلمان خان کے قریب ہوتے جا رہے ہیں اور اگر یہ تعلقات برقرار رہے تو آئندہ مزید حملے بھی کیے جا سکتے ہیں۔



