’امیتابھ شادی کو اپنی سب سے بڑی غلطی کہہ سکتے ہیں‘، جیا بچن کا تبصرہ وائرل

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور سیاست دان جیا بچن نے شادی اور رشتوں سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایسا دلچسپ تبصرہ کر دیا جس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک حالیہ گفتگو میں جیا بچن نے جدید دور کے تعلقات، شادی اور خاندانی نظام پر کھل کر بات کی۔ اس دوران انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ممکن ہے امیتابھ بچن شادی کو اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دے دیں، لیکن وہ یہ بات سننا نہیں چاہتیں۔جیا بچن نے کہا کہ وقت کے ساتھ تعلقات اور خاندانی سوچ میں بہت تبدیلی آ چکی ہے اور اب وہ یہ نہیں سمجھتیں کہ شادی ہر انسان کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے اپنی پوتی نویا نندا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں چاہتیں کہ نویا جلد بازی میں شادی کا فیصلہ کرے۔اداکارہ کے مطابق آج کی نسل پہلے سے زیادہ سمجھدار اور خودمختار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ اس عمر میں نہیں رہیں کہ نوجوان لڑکیوں کو بچوں کی پرورش یا رشتوں کے بارے میں مشورے دیں کیونکہ آج کے بچے خود بڑوں کو بہت کچھ سکھا دیتے ہیں۔جیا بچن نے شادی سے متعلق معاشرتی دباؤ پر بھی طنزیہ انداز اپنایا اور کہا کہ ’’شادی دہلی کے لڈو جیسی ہے، کھاؤ تو بھی مشکل، نہ کھاؤ تو بھی مشکل۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے دور میں شادی کی رسمی کارروائیاں بھی زیادہ اہم نہیں سمجھی جاتی تھیں، یہاں تک کہ انہیں بعد میں یاد دلایا گیا کہ رجسٹر پر دستخط بھی کرنے ہیں۔



