پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، دھواں چھوڑنے والی سرکاری گاڑیاں بند کرنے کا فیصلہ

لاہور ( آصف اقبال )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے خاتمے کے لیے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے تمام سرکاری محکموں کی ایسی گاڑیاں فوری بند کرنے کی ہدایت کردی ہے جو خراب انجن کے باعث زیادہ دھواں چھوڑ کر فضائی آلودگی کا سبب بن رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے، فصلوں کی باقیات کو جلانے کی روک تھام اور سموگ کے تدارک کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں فصلوں کی باقیات جلانے، آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس اور مقررہ حد سے زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔ کھلی فضا میں کوڑا کرکٹ اور پلاسٹک جلانے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے، جبکہ ویسٹ برننگ میں ملوث ستھرا پنجاب کمپنی کے ٹھیکے کو منسوخ کرنے اور کچرا جلانے میں ملوث ملازمین کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کچرا جلانے اور آلودگی پھیلانے والے عناصر کی مانیٹرنگ کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ لاہور کے داخلی راستوں پر ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کی پڑتال اور ٹیسٹنگ مزید مؤثر بنانے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چاول کی فصل کی کٹائی سے قبل کسانوں کو مزید 10 ہزار سپر سیڈرز فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ کے وژن کے تحت پہلے ہی 9 ہزار سپر سیڈرز کسانوں کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔ مزید برآں 150 کمبائن ہارویسٹرز، 13 ٹرانسپلانٹرز، 10 بیلرز اور 500 رائس سٹرا شیڈرز بھی کسانوں کو فراہم کیے جائیں گے تاکہ فصلوں کی باقیات کو جلانے کے بجائے جدید مشینری کے ذریعے ماحول دوست طریقے سے تلف کیا جاسکے۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ فصلوں کی باقیات کو ٹھکانے لگانے کے لیے ہائی ٹیک مشینری کی فراہمی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کا حصہ ہے جسے عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے محکمہ زراعت کی کارکردگی کو بھی سراہا۔اجلاس میں ای پی اے کے سیکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل نے ماحولیاتی بہتری، مستقبل کے اقدامات اور ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ گزشتہ چھ ماہ کے ایئر کوالٹی انڈیکس کا جائزہ لیتے ہوئے ماحولیاتی قوانین اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صنعتی یونٹس کی مسلسل نگرانی اور معائنوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کسانوں، مقامی کمیونٹی، بھٹہ ایسوسی ایشنز، تاجروں اور چیمبرز کے تعاون سے ماحولیاتی آگاہی مہم بھی جاری ہے۔متعلقہ حکام کو باربی کیو پوائنٹس اور فوڈ اسٹریٹس میں ماحولیاتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں خصوصی ٹیموں کو نگرانی کا حکم دیتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والے ریستورانوں کے خلاف کارروائی اور ضرورت پڑنے پر انہیں سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں صوبائی وزرا عظمیٰ بخاری، ملک صہیب بھرت، عاشق کرمانی اور ذیشان رفیق سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔



