لاہور ایئرپورٹ پر امیگریشن ایریا میں بڑی توسیع، لائنیں 20 کر دی گئیں

لاہور ( آصف اقبال ) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر مسافروں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے امیگریشن ایریا میں بڑی توسیع کر دی گئی، جس کے بعد امیگریشن لائنوں کی تعداد 7،8 سے بڑھا کر 20 کر دی گئی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نئے توسیع شدہ امیگریشن ایریا کا دورہ کیا اور مسافروں کے لیے کیے گئے نئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وفاقی سیکرٹری دفاع، سول ایوی ایشن اتھارٹی، ایف آئی اے اور متعلقہ اداروں کی مسلسل دو ہفتے کی دن رات محنت کے بعد اضافی امیگریشن ایریا مسافروں کے لیے فعال کر دیا گیا۔رش کے موجودہ سیزن کے پیش نظر مستقل نئے کاؤنٹرز کی تنصیب اور دیگر تعمیراتی کام مکمل ہونے کا انتظار کیے بغیر ایف آئی اے نے فوری طور پر کاؤنٹرز نصب کرکے اضافی امیگریشن ایریا کو فنکشنل کیا ہے۔اس موقع پر محسن نقوی نے امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیا اور مسافروں سے پراسیس، انتظار کے وقت اور سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ صرف 15 روز کی قلیل مدت میں وسیع اضافی امیگریشن ایریا کو کھولنا سیکرٹری دفاع، سول ایوی ایشن، ایف آئی اے اور متعلقہ اداروں کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے۔ پہلے صرف 7،8 امیگریشن لائنیں دستیاب تھیں، اب 20 لائنیں ہونے سے مسافروں کے انتظار کا وقت نمایاں طور پر کم ہوگا اور رش کو بہتر انداز میں منظم کیا جا سکے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ رش کے سیزن میں ترجیح یہ تھی کہ مستقل تعمیراتی کام مکمل ہونے کا انتظار کیے بغیر مسافروں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔ نئے مستقل امیگریشن کاؤنٹرز کی تنصیب اور باقی تعمیراتی کام بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ نے نامکمل سفری دستاویزات کے حامل ایک مسافر کو روکنے پر ایف آئی اے کے اے ایس آئی کو شاباش دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے ایف آئی اے افسران کو ہدایت کی کہ سفری دستاویزات کی مکمل جانچ پڑتال یقینی بنائی جائے اور نامکمل دستاویزات رکھنے والے کسی مسافر کو سفر کی اجازت نہ دی جائے۔



