
تل ابیب: اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات سے قبل وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ کو تازہ ترین عوامی جائزے میں ایک نشست کے فرق سے پیچھے رہنے کا سامنا ہے۔اسرائیلی نشریاتی ادارے کان کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ سروے کے مطابق سابق اسرائیلی فوجی سربراہ گادی آئزن کوٹ کی قیادت میں یاشار پارٹی کو پارلیمنٹ میں 24 نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی 23 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔تازہ سروے کے نتائج ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اسرائیل میں آئندہ پارلیمانی انتخابات میں دو ماہ سے کچھ زیادہ وقت باقی ہے۔سروے میں یاشار پارٹی کی معمولی برتری کو اسرائیلی سیاست میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم دونوں جماعتوں کے درمیان فرق صرف ایک نشست کا ہے، اس لیے انتخابی مہم کے دوران سیاسی صورتحال میں مزید تبدیلی کا امکان موجود ہے۔



