آبنائے ہرمز میں فضائی تصادم؟ پاسداران انقلاب نے امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کر دیا

ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی ایرو اسپیس فورس نے آبنائے ہرمز کی فضائی حدود میں پرواز کرنے والے ایک امریکی MQ-9 ریپر ڈرون کو اپنے جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے کہا ہے کہ جدید فضائی دفاعی نظام نے آبنائے ہرمز کے اوپر پرواز کرنے والے ڈرون کا بروقت سراغ لگایا اور اسے فائرنگ کر کے روک دیا۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ کارروائی ایران کی فضائی نگرانی اور دفاعی صلاحیتوں کا حصہ تھی تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ڈرون مکمل طور پر تباہ ہوا، گر کر تباہ ہوا یا صرف نشانہ بنایا گیا۔ایرانی حکام کی جانب سے اس واقعے کی مزید تکنیکی تفصیلات یا تصاویر جاری نہیں کی گئیں جبکہ امریکی فوج یا امریکی سینٹرل کمان نے بھی اس دعوے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا۔ دفاعی ماہرین کے مطابق MQ-9 Reaper ایک جدید بغیر پائلٹ کا امریکی ڈرون ہے جو نگرانی، جاسوسی اور بعض صورتوں میں حملہ آور مشنز کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔



