میرپور ڈویژن کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کو برتری، 13 میں سے 11 حلقوں کے غیر سرکاری نتائج موصول

میرپور: (آصف اقبال) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں پولنگ کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک 11 حلقوں کے نتائج سامنے آچکے ہیں، جن کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 8 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 3 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔ دو حلقوں، ایل اے 6 بھمبر 2 اور ایل اے 10 کوٹلی 3، کے نتائج ابھی موصول ہونا باقی ہیں۔
پولنگ کا عمل صبح سے شام 5 بجے تک جاری رہا، تاہم مقررہ وقت تک پولنگ اسٹیشنز کے اندر موجود ووٹرز کو اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے لیے ایک گھنٹے کی اضافی مہلت دی گئی، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق حلقہ ایل اے 1 میرپور 1 سے مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق 15,427 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ ایل اے 2 میرپور 2 اور ایل اے 3 میرپور 3 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے قاسم مجید اور چوہدری یاسر سلطان نے کامیابی حاصل کی۔ ایل اے 4 میرپور 4 سے مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد اور ایل اے 5 بھمبر 1 سے وقار احمد نور نے میدان مار لیا۔
ایل اے 6 بھمبر 2 میں 195 میں سے 100 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق کو برتری حاصل ہے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے علی شان چوہدری دوسرے نمبر پر ہیں۔
حلقہ ایل اے 7 بھمبر 3 سے مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق کامیاب رہے، جبکہ ایل اے 8 کوٹلی 1 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک نے فتح حاصل کی۔ ایل اے 9 کوٹلی 2، ایل اے 11 کوٹلی 4، ایل اے 12 کوٹلی 5 اور ایل اے 13 کوٹلی 6 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب قرار پائے۔
ادھر ایل اے 10 کوٹلی 3 کے 169 میں سے 36 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین کو مسلم لیگ (ن) کے فتح محمود الحسن پر برتری حاصل ہے
سیاسی مبصرین کے مطابق ابتدائی نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ میرپور ڈویژن میں مسلم لیگ (ن) کو برتری حاصل ہے، تاہم باقی دو حلقوں کے نتائج سامنے آنے کے بعد مجموعی سیاسی تصویر مزید واضح ہوگی۔
ذرائع: الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج، ریٹرننگ افسران۔



