Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

امریکی قونصلیٹ کے اعلیٰ سطحی وفد نے پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی لاہور کا دورہ

مریم اورنگزیب نے وفد کو ماحولیاتی تحفظ، سموگ کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کےاقدامات پر جامع بریفنگ دی

لاہور ( آصف اقبال ) امریکی قونصلیٹ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) لاہور کا دورہ کیا، جہاں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وفد نے ای پی اے کے جدید کنٹرول روم کا دورہ کیا اور ماحولیاتی مانیٹرنگ، فضائی آلودگی کی نگرانی اور ایئر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم کا تفصیلی جائزہ لیا۔ مریم اورنگزیب نے وفد کو پنجاب حکومت کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ، سموگ کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر جامع بریفنگ دی۔سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ نومبر 2024 میں لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل تھا، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات اور مؤثر حکمت عملی کے باعث فضائی آلودگی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای پی اے کو جدید اختیارات، وسائل اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے، جبکہ ادارے کے فیلڈ افسران کو باڈی کیمز فراہم کیے گئے ہیں اور ان کی گاڑیوں و سرگرمیوں کی لائیو مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ فصلوں کی باقیات کو جلانے کے رجحان کے خاتمے کے لیے سپر سیڈر مشینوں کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت کے آغاز پر پنجاب میں صرف 250 سپر سیڈرز موجود تھے، جبکہ اب 7 ہزار 500 سے زائد سپر سیڈرز کسان استعمال کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے آئندہ سال تک یہ تعداد 15 ہزار تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ مشین کی قیمت کا 60 فیصد حصہ "مریم نواز سموگ فری پنجاب” پروگرام کے تحت حکومت ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گزشتہ دو برسوں کے دوران ماحولیات، جنگلات اور وائلڈ لائف کے شعبوں کے لیے تاریخی بجٹ مختص کیا، جس کے نتیجے میں یہ محکمے جدید عالمی معیار کی ٹیکنالوجی سے لیس ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق پنجاب میں خطے کی پہلی کلائمیٹ چینج آبزرویٹری قائم کی جا رہی ہے، جو موسمیاتی تبدیلی، تحقیق، ڈیٹا اور موسمیاتی مزاحمتی منصوبہ بندی کا مرکزی مرکز ہوگی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں صنعتی یونٹس کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے، تمام اینٹوں کے بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے ہیں، جبکہ لاہور کے موٹرویز، شاپنگ مالز اور ماڈل بازاروں کو پلاسٹک فری زون قرار دیا گیا ہے۔ مرحلہ وار پنجاب کے تمام تجارتی مراکز کو بھی پلاسٹک فری بنایا جائے گا۔مزید بتایا گیا کہ تعمیراتی مقامات پر گرد و غبار کے کنٹرول کے لیے سخت اقدامات نافذ کیے گئے ہیں، خلاف ورزی کی صورت میں روبو کال سسٹم کے ذریعے متعلقہ افسران کو فوری آگاہ کیا جاتا ہے، جبکہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کی مدد سے بھی آلودگی پھیلانے والے عناصر کی نگرانی جاری ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں آن لائن ہیرنگ اور لائسنسنگ کا شفاف نظام متعارف کرایا گیا ہے، ونڈ ڈائریکشن، ہیٹ ویو اور دیگر موسمی عوامل کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ پنجاب اے کیو آئی موبائل ایپ کے ذریعے شہریوں کو فضائی معیار سے متعلق لمحہ بہ لمحہ معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایمیشن ٹیسٹنگ سسٹم کے ذریعے گاڑیوں کے دھوئیں کی مؤثر نگرانی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔دورے کے اختتام پر امریکی وفد نے ایئر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے لاہور کا لائیو اے کیو آئی بھی ملاحظہ کیا اور پنجاب حکومت کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ کے لیے اختیار کی گئی جدید حکمت عملی اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button