وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے امریکی قونصل جنرل لاہور کی ملاقات، ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور( آصف اقبال) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری سے امریکی قونصل جنرل لاہور نے ملاقات کی، جس میں سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی، سیاسی و اکنامک ایڈوائزر صدف سعد سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران دوطرفہ ثقافتی تعاون، فنونِ لطیفہ کے فروغ اور باہمی شراکت داری کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے پنجاب فلم سٹی کے قیام اور صوبے میں تھیٹر کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔فریقین نے لاہور میں امریکی فنکاروں اور کے درمیان مشترکہ ثقافتی پارٹنرشپ کے قیام اور فنونِ لطیفہ کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر عظمیٰ بخاری نے امریکی قونصل جنرل کو وزیراعلیٰ مریم نواز کے مختلف ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین، طلبہ اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی چھت اپنا گھرپروگرام کے تحت صوبے بھر میں ایک لاکھ 70 ہزار گھروں کی تعمیر جاری ہے۔ملاقات میں وزارت اطلاعات و ثقافت پنجاب اور امریکی قونصل خانے کے درمیان ثقافتی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے اختتام پر عظمیٰ بخاری نے امریکی قونصل جنرل کو یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔



