ایران کیساتھ مفاہمتی یادداشت ختم،اب ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکے گا:ٹرمپ

انقرہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران، نیٹو اور امریکا کی خارجہ پالیسی سے متعلق متعدد اہم بیانات دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ امریکی فوجی کارروائی ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں کا جواب تھی، جبکہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت ختم ہوگئی ہے، ایرانیوں نے مذاکرات پر بہت وقت ضائع کیا اور وہ ایران کے ساتھ ڈیل نہیں کرنا چاہتے تھے۔نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے گزشتہ رات ایران میں فوجی کارروائی کی، کیونکہ ایرانی حملوں کا جواب دینا ضروری تھا۔ ان کے مطابق امریکا اپنے مفادات اور اتحادیوں کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی فوجی قیادت کو ختم کر دیا گیا ہے اور وہاں نئی قیادت سامنے آ چکی ہے۔ تاہم انہوں نے اس دعوے کے حق میں کوئی شواہد پیش نہیں کیے، جبکہ اس کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔



