Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے دوطرفہ دورے پر پہنچ گئے،صدرایردوان سے ملاقات،مختلف امورپر بات چیت ہوگی

لاہور( آصف اقبال )وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کی دعوت پر دوطرفہ سرکاری دورے پر استنبول پہنچ گئے، جہاں ان کا اتاترک ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔وزیراعظم کا استقبال ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید، ترک وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران نے کیا۔وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود ہیں۔دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور صدر رجب طیب ایردوان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاک۔ترکیہ دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، معیشت اور باہمی تعاون کے دیگر شعبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ دونوں رہنما علاقائی اور عالمی امن و سلامتی سمیت اہم بین الاقوامی امور پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ملاقات میں خصوصی طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، مشترکہ اقتصادی منصوبوں اور دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔وزیراعظم اپنے دورۂ استنبول کے دوران پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی ایک اہم بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، جہاں خصوصی اقتصادی زونز (SEZs)، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، نجکاری اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔کانفرنس میں ترکیہ کے ممتاز کاروباری رہنما، سرمایہ کار، اعلیٰ سرکاری حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ توقع ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور اقتصادی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button