
روس نے کیف پر ہائپرسونک ’اوریشنک‘ میزائل سمیت بڑے پیمانے پر میزائل حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ روس نے یوکرینی دارالحکومت کیف پر رات بھر شدید بمباری کی جس دوران کئی زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور شہریوں نے جان بچانے کیلئے انڈر گراؤنڈ میٹرو اسٹیشنز میں پناہ لی۔حملوں کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ متعدد عمارتیں تباہ یا شدید متاثر ہوئیں۔ متاثرہ عمارتوں میں رہائشی مکانات، اسکول، یونیورسٹیاں، عجائب گھر، تھیٹر، مارکیٹس اور شاپنگ سینٹرز شامل ہیں۔یوکرینی صدر زیلنسکی نے حملے کو انتہائی پاگل پن پر مبنی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس نے شہری انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین کو فوری طور پر مزید فضائی دفاعی نظام کی ضرورت ہے۔روس کی فوج نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں جوہری صلاحیت رکھنے والا ہائپرسونک اوریشنک میزائل استعمال کیا گیا۔ تاہم ماسکو نے شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حملے یوکرینی فوج اور انٹیلی جنس کے مراکز پر کیے گئے۔



