بین الاقوامی
ترکیہ میں 5.8 شدت کا زلزلہ، درجنوں افراد زخمی، عوام میں شدید خوف و ہراس

انقرہ : ترکیہ کے جنوب مغربی علاقے مارمارس میں 5.8 شدت کے زلزلے نے خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی، جس کے باعث لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد زخمی ہو گئے، جن میں ایک 14 سالہ لڑکی بھی شامل ہے۔ترکیہ کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ کچھ افراد نے جان بچانے کے لیے بلند عمارتوں سے چھلانگ لگا دی، جس کے باعث وہ زخمی ہوئے۔تاہم حکام کا کہنا ہے کہ تاحال کسی عمارت کے گرنے یا بڑے نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔زلزلہ اتنا شدید تھا کہ گھروں، دفاتر اور مارکیٹوں میں افراتفری مچ گئی۔ لوگ کھلی جگہوں میں پناہ لیتے دیکھے گئے۔زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے اور ریسکیو ٹیمیں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔