امریکی ریاست پنسلوینیا کے جانس ٹاؤن میں میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے دوران سکیورٹی کی ناکامی کا واقعہ پیش آیا۔امریکا کے سابق صدر اور ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں ایک بار پھر سکیورٹی کی ناکامی کا واقعہ پیش آ گیا جہاں ایک مشتبہ شخص میڈیا گیلری تک پہنچ گیا۔کچھ عرصہ قبل امریکی ریاست پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں ایک انتخابی ریلی کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک گولی ان کے کان کو چھوتے ہوئے گزر گئی تھی جبکہ ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا، حملہ آور کو پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر ہی ہلاک کر دیا تھا۔اب ایک بار پھر امریکی ریاست پنسلوینیا کے جانس ٹاؤن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے دوران سکیورٹی کی ناکامی کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شخص تمام رکاوٹیں عبور کرتا ہوا میڈیا گیلری تک جا پہنچا جہاں پولیس اہلکاروں نے اسے دبوچ لیا۔امریکی میڈیا کے مطابق متعلقہ شخص سائیکل پر آیا تھا جو میڈیا رپورٹرز کے لیے بنائی گئی جگہ سے اسٹیج پر چڑھنے کی کوشش کر رہا تھا، وہاں موجود لوگوں نے اسے روکنے کی کوشش کی تاہم اسی دوران پولیس بھی وہاں پہنچ گئی اور اسے حراست میں لے لیا۔اس کے کچھ لمحے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں موجود ایک اور شخص کو بھی سکیورٹی اداروں نے حراست میں لے لیا تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا دوسرے شخص کوکیوں حراست میں لیا گیا۔
0