واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ناکام قاتلانہ حملے کی کوشش کے بعد قوم سے متحدہ ہونے کی اپیل کردی جبکہ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے بائیڈن کے ریمارکس کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا امریکا کو متحد کریں۔جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں قوم سے مختصر خطاب میں کہا کہ ٹرمپ پر حملہ کرنے والے کے محرکات ابھی نہیں پتا چلا، ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی ضرورت ہے، وہ سکیورٹی معاملات کے آزادانہ جائزے کا بھی حکم دے رہے ہیں تاکہ ایسا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو، نفرت کو پروان چڑھنے کیلئے کوئی محفوظ جگہ نہیں ملنی چاہئے۔ غیر ملکی عناصر انتشار پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، ہمیں اپنے اختلافات کو بُلٹ کے بجائے بیلٹ سے حل کرنا چاہئے۔امریکی صدر نے عوام سے کہا کہ وہ فائرنگ کرنے والے شخص کے ارادوں یا اس کی وابستگیوں کے بارے میں مفروضے قائم نہ کریں، کچھ لوگ امریکیوں کے درمیان تفرقے کو ہوا دے رہے ہیں۔ صدارتی انتخابات میں خطرات بہت زیادہ ہیں۔ امریکی جمہوریت میں قانون کی حکمرانی کا احترام کیا جاتا ہے۔
0