بحرین کا ایرانی فضائی حملے روکنے کا دعویٰ، شہریوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت

منامہ: بحرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کو روک لیا ہے۔یہ بیان ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے بحرین میں امریکی فوج کے زیرِ استعمال ریڈار سسٹم کو ڈرون حملے میں نشانہ بنانے کے دعوے کے بعد سامنے آیا ہے۔بحرین نے ایرانی فضائی حملوں کو روکنے کا اعلان کیا، تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ کتنے حملے کیے گئے، انہیں کس مقام پر روکا گیا اور اس کارروائی کے دوران کوئی نقصان ہوا یا نہیں۔اس سے قبل ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے ڈرونز نے بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر امریکی فوج کے زیرِ استعمال ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا۔ ایرانی فورسز کے مطابق یہ کارروائی امریکی فوجی ڈرونز کی جانب سے ایرانی فضائی حدود کی مسلسل خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئی۔بحرین نے اس سے قبل ایک غیر متعین خطرے سے خبردار کرتے ہوئے شہریوں اور ملک میں مقیم افراد کو قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی تھی۔ تاہم حکام کی جانب سے اس وقت خطرے کی نوعیت اور ممکنہ ہدف کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئی تھیں۔ایران کی جانب سے امریکی ریڈار سسٹم کو نشانہ بنانے کے دعوے اور بحرین کی جانب سے فضائی حملے روکنے کے اعلان کے بعد خلیجی خطے میں کشیدگی مزید نمایاں ہوگئی ہے۔ تاہم حملوں کی تفصیلات اور ان کے نتائج سے متعلق تمام دعووں کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔








