دونباس چھوڑ دو، نیٹو میں شامل ہوجاؤ، زیلنسکی نے امریکی تجویز کا بھانڈا پھوڑ دیا

یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے انکشاف کیا ہے کہ ابوظہبی میں روس کے ساتھ امن مذاکرات کے تازہ دور کے دوران امریکی مذاکرات کاروں نے یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کو مشرقی علاقے دونباس سے ممکنہ دستبرداری کے ساتھ جوڑنے کا سوال اٹھایا ہے۔یوکرینی صدارتی دفتر سے ہفتے کے روز جاری بیان کے مطابق زیلنسکی نے کہا کہ مذاکرات میں پہلی مرتبہ نیٹو کی رکنیت اور علاقائی رعایتوں کو ایک ساتھ زیرِ بحث لایا گیا۔ان کے بقول، امریکی مذاکرات کاروں نے سوال کیا کہ اگر یوکرین کو نیٹو کی رکنیت مل جائے تو کیا وہ دونباس کے علاقے سے پیچھے ہٹنے پر آمادہ ہوگا؟ زیلنسکی نے کہا کہ اسی وجہ سے ان کے خیال میں یوکرین کی نیٹو رکنیت کا معاملہ ایک بار پھر مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہوگیا ہے۔زیلنسکی نے واضح کیا کہ یوکرین اپنے علاقے سے دستبردار ہونے کے لیے تیار نہیں، تاہم اگر کوئی جامع معاہدہ پیش کیا گیا جس میں مضبوط سکیورٹی ضمانتیں، ایک مستحکم اور مالی طور پر مضبوط فوج برقرار رکھنے کا حق اور جنگ کے بعد تعمیرِ نو کے لیے فنڈز شامل ہوں تو وہ اس معاملے کو قومی ریفرنڈم کے ذریعے عوام کے سامنے رکھنے پر غور کرسکتے ہیں۔یوکرینی صدر نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نیٹو کی رکنیت کا معاملہ انتہائی مشکل ہے۔ پیوٹن طویل عرصے سے یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کو روس کے لیے ناقابلِ قبول قرار دیتے آئے ہیں اور 2022 میں یوکرین پر حملے کی وجوہات میں بھی اس معاملے کا ذکر کرچکے ہیں۔








