ٹرمپ کی صدارت کے ڈھلتے سائے!

وسط مدتی انتخابات کا نتیجہ ہر لحاظ سے واضح ہے مگر امریکہ کا مستقبل اسکے باوجود غیر واضح ہے۔ امریکی عوام صدر ٹرمپ سے صرف ناراض ہی نہ تھے بلکہ وہ سخت غصے میں بھی تھے۔اسی لیے ریپبلیکن پارٹی کو ایسی ریاستوں میں بھی شکست ہوئی جہاں وہ کئی عشروں سے جیت رہی تھی۔ کنساس میں ریپبلیکن پارٹی گذشتہ 94برس سے سینٹ کی سیٹ جیت رہی تھی مگر اس مرتبہ اسے وہاں بھی شکست ہوئی۔ ٹیکساس اور سائوتھ کیرو لائنا گذشتہ تین عشروں سے ریپبلیکن پارٹی کے گڑھ تھے مگر ان ریاستوں میں بھی اسے ہزیمت اٹھانا پڑی۔ مسس سپی میں ڈیڑھ سو برس کے بعد ڈیمو کریٹک پارٹی کے سیاہ فام امیدوار Scott Colomنے سینٹ کی سیٹ جیتی ہے۔ اب یہ کہا جا سکتا ہے کہ امریکہ کا انتخابی نقشہ تبدیل ہو گیا ہے۔ عام تاثر یہ ہے کہ امریکی عوام کے اس واضح فیصلے کی وجہ ایران جنگ ہے۔ حقائق کے مطابق اس میں کئی دوسرے عوامل بھی شامل ہیں۔ صدر ٹرمپ دو برسوں سے وائٹ ہائوس کی تزئین و آرائش میں مصروف ہیں۔ ایک پر شکوہ پارٹی ہال بن رہا ہے۔ سوئمنگ پول پر لاکھوں ڈالر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ واشنگٹن میں جا بجانئے مجسمے اور فوارے نصب کئے جا رہے ہیں۔ دوسری طرف امیگریشن پولیس کئی شہروں میں دندناتی پھر رہی ہے۔ اسکے بے لگام سپاہیوں نے کئی بے گناہ لوگوں کو ہلاک کیاہے۔ ملک بھر میں جامعات ‘ ٹیک انڈسٹری‘ سنٹرل اور نجی بینکوں‘نیوز میڈیا اور انرجی سیکٹر کے اداروں نے ٹرمپ انتطامیہ کے دبائو کی وجہ سے اپنی پالیسیاں اور سربراہ تبدیل کئے ہیں۔ خارجہ پالیسی کے حوالے سے نیٹو کو غیر فعال کر کے روس کے ساتھ تعلقات مضبوط کئے گئے۔ یوکرین کو اسلحے کی سپلائی بند کر دی گئی اور یورپی ممالک سے کہا گیا کہ یہ جنگ انکا مسئلہ ہے وہ اِسے خود ہی حل کریں۔ صدر ٹرمپ نے ایران سے جنگ بندی کا معاہدہ کر کے اسے منسوخ کردیا۔ ان حالات سے تنگ آ کر لوگوںنے انتخابات میں اپنا دوٹوک فیصلہ سنا دیا۔ اسکے باوجود یہ نہیں کہاجا سکتا کہ صدر ٹرمپ اپنا انداز حکمرانی تبدیل کریں گے۔ وہ کانگرس کے دبائو کے باوجود ایران جنگ جاری رکھ سکتے ہیں۔ انہیں امریکی آئین نے اتنے اختیارات دے رکھے ہیں کہ کم از کم خارجہ پالیسی کے محاذ پر انکا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔ جارج بش اور براک اوباما نے وسط مدتی انتخابات میں بری طرح شکست کھانے کے باوجود عراق اور افغانستان کی جنگوں کو جاری رکھاتھا۔
تین نومبر کے انتخابات کے بعد صدر ٹرمپ نے چند ایسے اقدامات اٹھائے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ وہ کانگرس کے خلاف جارحانہ رویہ اختیار کریں گے۔ دوسری طرف ڈیموکریٹک پارٹی صدر ٹرمپ کے دوستوں اور رشتے داروں کی کرپشن کے خلاف تحقیقات کرنے کا عندیہ دے چکی ہے۔ بدھ کے روز وائٹ ہائوس کے وکیل Will Scharf نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف کانگرس کی تحقیقاتی کمیٹیوں نے اگر اپنی حدود عبور کیں تو ذمہ دار افراد کو مجرمانہ مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ڈیمو کریٹک پارٹی کی Oversight Committee کے چیئرمین رابرٹ گارشیا نے اسکے جواب میں کہا ہے کہ امریکی آئین نے کانگرس کو تحقیقات کرنے کے وسیع اختیارات دیئے ہیں اور صدر ٹرمپ بہت کچھ چھپانا چاہتے ہیں اسی لئے وہ دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اس مکالمے سے پتہ چلتا ہے کہ وائٹ ہائوس اور کانگرس کے درمیان یہ کشمکش اگلے دو برسوں تک جاری رہے گی۔
اسکے علاوہ صدر ٹرمپ ریپبلیکن پارٹی پر پہلے جیسا کنٹرول برقرار نہ رکھ سکیں گے۔ ایک بڑی انتخابی شکست کے بعد یہ جماعت دو واضح دھڑوں میں تقسیم ہو چکی ہے۔ ان میں سے ایک رونلڈ ریگن کے نظریات سے وابستہ ہے۔ اسے Reaganites کہا جاتا ہے۔ یہ دوسرے ممالک پر جنگوں کے ذریعے تسلط قائم رکھنے کے حق میں ہے۔ اس جارحیت کو اس نے Benevolent Hegemony کا نام دے رکھا ہے۔ یہ نظریاتی گروہ ریگن ازم کے اصولوں کے مطابق کاروباری افراد کو ٹیکسوں میں چھوٹ دینے ‘ کھلی منڈی کی تجارت اور قواعد و ضوابط میں کمی پر یقین رکھتا ہے۔ یہ یورپی ممالک کی مالی اور عسکری امداد جاری رکھنا چاہتا ہے ۔ یہ اسرائیل کی حمایت اور چین کا مقابلہ کرنے کو ضروری سمجھتا ہے۔ ریپبلیکن پارٹی کے اندرریگن ازم کی مخالفت کرنے والے گروہ کو New Right کہا جاتا ہے۔ یہ لوگ ڈونلڈ ٹرمپ کے دور کو ایک غیر مستقل حقیقت قرار دیتے ہیں۔ یہ بیرونی جنگوں سے گریز اور کاروباری اداروں پر بھاری ٹیکس لگانے پر یقین رکھتے ہیں۔ اس گروہ کے نظریات کے مطابق خلیجی ممالک اور اسرائیل کو مل کر ایران کا مقابلہ کرنا چاہیئے ۔ یورپی ممالک متحد ہو کر روس کے جارحانہ عزائم کا مقابلہ کریں اور ایشیائی ممالک چین کا راستہ روکیں گے۔امریکہ انکی مدد ضرور کرے گا مگروہ خود براہ راست کسی جنگ میں ملوث نہیں ہو گا۔ ٹرمپ انتظامیہ کے اندر نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکرٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو نیو رائٹ کی ان پالیسیوں سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ صدر ٹرمپ سے وفاداری برقرار رکھتے ہوئے انکے مخالف دھڑے سے اس لیے وابستہ ہیں کہ ٹرمپ دور کے ڈھلتے ہوے سایوں میں انہیں کسی ایسے سہارے کی ضرورت ہے جو اگلے صدارتی انتخاب میں انکی مدد کرے۔ اب اگلے دو برسوں میں ریپبلیکن پارٹی کے اندر ریگن ازم اور نیو رائٹ کے درمیان کشمکش ہوگی۔ ان میں ہار جیت کا فیصلہ اگلے صدارتی انتخاب ہی میں ہو گا۔ صدر ٹرمپ ان دونوں دھڑوں پراثر انداز ہونے کی صلاحیت کھو چکے ہیں۔ اس اعتبار سے ریپبلیکن پارٹی سے بھی انکے تعلقات تنائو کی صورت اختیار کر لیں گے۔ جس جماعت نے دو سال تک صدر ٹرمپ کی ربڑ سٹیمپ ہونے کا الزام برداشت کیا اب وہ اپنی انفرادیت برقرار رکھنے کی جنگ لڑے گی۔ اس دوران اسے اگر صدر ٹرمپ کی مخالفت بھی کرنا پڑی تو وہ اپنے نظریات سے وابستگی پر قائم رہے گی کیونکہ اب اسکی نگاہیں اگلے صدارتی انتخاب پر جمی ہوئی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا دور اب تیزی سے ماضی کے دھندلکوں میں روپوش ہو رہا ہے۔







