برش کا منٹو، خدوخال کا آئن اسٹائن: ریاض رفی!

پیرس کی ایک سرد شام، 1868 کا سال۔ ایک نوجوان مصور دریا کے کنارے کھڑا ہے۔ جیب خالی ہے، قرض خواہ دروازے پر ہیں، گھر والوں نے برسوں پہلے یہ کہہ کر منہ موڑ لیا تھا کہ رنگوں سے پیٹ نہیں بھرتا۔ گیلریاں اس کی تصویریں لوٹا چکی ہیں اور نقاد اس کے کام کو ادھورا اور بھدا کہہ کر رد کر چکے ہیں۔ اس لمحے اسے دریا کا پانی کینوس سے زیادہ مہربان لگتا ہے اور وہ خود کو لہروں کے سپرد کر دیتا ہے۔ مگر زندگی کو ابھی اس سے بہت کچھ کہلوانا تھا۔ وہ بچ گیا، دوستوں نے اسے سنبھالا، اور یہی کلاڈ مونے آگے چل کر اس تحریک کا امام بنا جس نے دنیا کو روشنی دیکھنے کا نیا سلیقہ سکھایا۔ 1840 میں پیرس میں پیدا ہونے والا یہ باغی بیٹا اس بات کا ثبوت ہے کہ بعض لوگ پیدا ہی اس لئے ہوتے ہیں کہ وہ دنیا کے بنائے ہوئے راستوں پر نہ چلیں۔ایسا ہی ایک باغی سندھ کی مٹی میں بھی پیدا ہوا۔ سکھر کے ایک مذہبی گھرانے میں آنکھ کھولنے والے ریاض رفی کے لیے بھی گھر والوں نے ایک سیدھی لکیر کھینچ رکھی تھی: روایت کو اوڑھو، باپ دادا کی راہ پر چلو، اور روزگار کو زندگی کا مقصد بناؤ۔ مگر اس بچے کی روح میں کوئی اور ہی سُر بج رہا تھا۔ جب اس نے عقیدے کے رسمی سانچے کو سوال کی نظر سے دیکھا تو گھر نے اسے نافرمانی جانا، اور جتنا دباؤ بڑھا، اس کے اندر کا انکار اتنا ہی گہرا ہوتا گیا۔ وہ لڑکا جو اپنے ہی گھر میں اجنبی تھا، برسوں اپنی پہچان کی تلاش میں دنیا سے الجھتا رہا۔ اسے کسی آرٹ کالج کی سند نہیں ملی، کسی مشہور استاد کی شاگردی نصیب نہیں ہوئی؛ اس کا مدرسہ زندگی تھی، اور اس کا استاد اس کا اپنا اضطراب سکھر سے نکل کر وہ کراچی پہنچا، اور کراچی یونیورسٹی کی ان راہداریوں میں قدم رکھا جہاں اسّی کی دہائی میں نظریات کتابوں سے نکل کر نعروں اور جلوسوں میں ڈھل چکے تھے۔ ریاض سرخا تھا، سوشلسٹ تھا، اور اس کا دل ہمیشہ اس شخص کے ساتھ دھڑکا جو قطار میں سب سے آخر میں کھڑا ہو۔ یہی نظریاتی وابستگی اسے پیپلز پارٹی تک لے گئی، جہاں اس نے عوامی سیاست کی دھوپ چھاؤں کو قریب سے دیکھا۔ ترقی پسند تنظیموں، شاعروں، ادیبوں اور دانشوروں کی محفلیں اس کا دوسرا گھر بن گئیں۔ ہمارے دوست افتخار درپن اسی زمانے کے ساتھی ہیں، اور ریاض آج بھی مسکراتے ہوئے یاد کرتا ہے کہ زندگی میں پہلی بار بندوق اس نے انہی کے پاس دیکھی تھی۔ وہ ایسا دور تھا جب کیمپس میں کتاب اور ہتھیار ایک ساتھ چلتے تھے، مگر ریاض نے اس عہد سے جو ہتھیار چنا وہ برش تھا۔ اس نے فیصلہ کر لیا کہ اس کا احتجاج رنگوں میں ہوگا۔1993 میں اس کی پہلی انفرادی نمائش ردھم آف اسٹروکس کے عنوان سے سامنے آئی۔ عنوان ہی بتا رہا تھا کہ یہ مصور لکیریں نہیں کھینچتا، تال پر چلتا ہے۔ اس کے ہاتھ کی ہر جنبش ایک سُر ہے اور ہر کینوس ایک راگ۔ پھر وہ وقت آیا جب اس نے اخباروں کی کترنیں جمع کیں اور انہیں جوڑ کر اقتدار کے ایوانوں کا وہ چہرہ دکھایا جو تقریروں کے پیچھے چھپا رہتا ہے۔ شہر کی کسی گیلری نے یہ خطرہ مول لینے کی ہمت نہ کی۔ ریاض نے ہار نہیں مانی؛ اس نے فریئر ہال کی دیواروں کو اپنی نمائش گاہ بنا لیا اور اپنی بات کھلے آسمان تلے عوام کے سامنے رکھ دی۔ سچ کو اگر چھت نہ ملے تو وہ دیواروں پر لکھا جاتا ہے۔مگر ریاض رفی کے فن کا سب سے جرأت مند باب وہ ہے جس نے اسے برش کا منٹو بنا دیا۔ سعادت حسن منٹو نے قلم اٹھایا تو ان عورتوں کی کہانیاں لکھیں جن کے نام معاشرہ سرگوشیوں میں لیتا تھا۔ اس نے کوٹھوں کے اندھیروں میں بھی انسان تلاش کئے، اور ان کے دکھ کو وہ وقار دیا جو شرفا کی محفلوں میں کبھی نہ ملا۔ 1996 میں ریاض رفی نے انہی کرداروں کو کینوس پر اتارا۔ منٹو کے لفظ رنگ بن گئے، اور ان کی خاموش چیخیں تصویروں سے بولنے لگیں، منٹو کو عدالتوں میں گھسیٹا گیا، ریاض پر گیلریوں کے دروازے بند ہوئے، مگر دونوں نے ایک ہی کام کیا معاشرے کو آئینہ دکھایا اور ان عورتوں کے لیے دلوں میں ہمدردی جگائی جنہیں سب نے صرف حقارت سے دیکھا تھا۔ منٹو نے اپنی زندگی قلم کے نام وقف کی، ریاض رفی نے اپنی ہر سانس برش کے نام لکھ دی۔ اسی زمانے میں اس نے رقص بھی سیکھا، کیونکہ اسے احساس ہو چکا تھا کہ رنگ، سُر اور حرکت ایک ہی حقیقت کے تین روپ ہیں کراچی کی وہ دہائی آسان نہیں تھی اس میں تنگدستی بھی تھی، تنہائی بھی، اور شہر کی فضا میں بارود کی بو بھی۔ مونے کی طرح ریاض کو بھی دوستوں نے تھاما۔ گلجی اور علی امام جیسے بزرگ فنکاروں نے اسے سکھایا کہ طوفان کے بیچ بھی دل کو ٹھہراؤ کیسے دیا جاتا ہے، اور رحمان جیسے دوست نے اسے یاد دلایا کہ زندگی دکھ سہنے کے ساتھ ساتھ محبت کرنے کا نام بھی ہے 1995 میں جب کراچی لہو میں ڈوبا ہوا تھا، ریاض کے کینوس پر وہ چہرے ابھرے جن کی آنکھوں میں آنسو اور ہونٹوں پر سوال تھے۔ یہ چہرے دراصل خود ریاض کا نوحہ تھے، وہ ان سیاستدانوں سے پوچھنا چاہتا تھا جو اقتدار کی کرسی کے لیے شہر کو مقتل بنائے ہوئے تھے کہ یہ کھیل کب ختم ہوگا۔ جواب نہیں آیا، اور پھر ایک عجیب تبدیلی آئی جواب باہر سے نہ ملا تو ریاض نے اندر جھانکا۔ اسے سمجھ آ گیا کہ اس کی اصل جنگ دنیا سے نہیں، اپنی ذات سے ملاقات کی تھی۔ وہ غصہ جو کبھی تیز، دہکتے رنگوں اور سخت اسٹروکس میں پھوٹتا تھا، آہستہ آہستہ ایک نرم روشنی میں بدل گیا۔ اس کے کینوس پر قوسِ قزح اتر آئی؛ وہ رنگ جو آنکھ سے نہیں، روح سے دیکھے جاتے ہیں۔ آج ریاض رفی برش سے کم اور انگلیوں سے زیادہ مصوری کرتا ہے۔ جب وہ کام کرتا ہے تو گویا کسی سماع میں ہوتا ہے: رنگ اس کی پوروں سے بہتے ہیں، اور وہ رنگوں میں بہتا ہے، یہاں تک کہ مصور اور تصویر کا فرق مٹ جاتا ہے۔ یہی فنا کا وہ مقام ہے جسے صوفی جانتے ہیں، اور اسی لیے میں ریاض رفی کو صوفی آرٹسٹ کہتا ہوں۔ ریاض صرف مصور ہی نہیں، خطاط بھی ہے، اور اس کی خطاطی میں حروف بھی اسی وجد میں جھومتے نظر آتے ہیں۔ریاض رفی سے میری ملاقات کا وسیلہ کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی بنے ہیوسٹن میں جب ہم بیٹھے تو باتوں باتوں میں کراچی یونیورسٹی کے ہنگامہ خیز دن، پرانے ساتھی اور وہ خواب لوٹ آئے جو ایک نسل نے بہتر پاکستان کے لئے دیکھے تھے۔ مجھے احساس ہوا کہ کچھ لوگ وطن چھوڑ دیتے ہیں مگر وطن ان کا پیچھا نہیں چھوڑتا۔ ریاض کے رنگوں میں آج بھی سکھر کے دریا کی روانی ہے، کراچی کے ساحل کی نمی ہے، اور منٹو کے کرداروں کی ان کہی کہانیاں ہیں۔ریاض رفی کو جب پہلی بار میں نے دیکھا تو ایک لمحے کو یوں لگا جیسے البرٹ آئن اسٹائن کسی پرانی بلیک اینڈ وائٹ تصویر سے نکل کر ہیوسٹن کی اس شام میں آ کھڑا ہوا ہو۔ سر پر سفید بالوں کا وہی بے قابو ہالہ، جو کنگھی سے نہیں، شاید ہوا اور خیالات کی آندھی سے سنورتا ہے، ہونٹوں پر وہی گھنی سفید مونچھیں، اور چہرے کی جھریوں میں برسوں کی ریاضت، جدوجہد اور بے شمار شاموں کی تحریر۔ آنکھیں ایسی جو سامنے بیٹھے شخص کو نہیں، اس کے پار کسی اور حقیقت کو دیکھتی محسوس ہوتی ہیں لباس میں بھی وہی فنکارانہ بے نیازی: گہرے نیلے جیکٹ کے نیچے پھولوں والی قمیص، آستینوں سے جھانکتی سرخ چارخانہ استر، جیب میں سرخ رومال، اور کندھے پر کینوس کا ایک پرانا تھیلا، جیسے ابھی کسی اسٹوڈیو سے اٹھ کر آیا ہو اور ابھی واپس رنگوں میں جا اترے گا۔ قدرت بھی کبھی کبھی کیسی دلچسپ کاریگری کرتی ہے، شکل اس سائنسدان کی جس نے وقت اور خلا کے رشتے بدل ڈالے، خیال اس افسانہ نگار کے جس نے سماج کے چہرے سے نقاب نوچ لیا، اور دل اس صوفی کا جو رنگوں میں فنا ہو جانا جانتا ہے۔ آئن اسٹائن کہا کرتا تھا کہ تخئیل علم سے زیادہ اہم ہے، کیونکہ علم کی حدیں ہیں مگر تخئیل پوری کائنات کو اپنی آغوش میں لے لیتا ہے۔ ریاض رفی کا فن اسی قول کی تفسیر ہے۔ آئن اسٹائن نے ثابت کیا کہ وقت ہر دیکھنے والے کے لیے یکساں نہیں بہتا، اور ریاض کی تصویریں بتاتی ہیں کہ رنگ بھی ہر آنکھ کے لیے ایک سے نہیں ہوتے؛ ایک ہی نیلا رنگ کسی کو سمندر کا سکون دیتا ہے اور کسی کو رات کی تنہائی۔ آئن اسٹائن نے فزکس کے فارمولوں میں کائنات کا راز ڈھونڈا، منٹو نے کوٹھوں کی تاریک گلیوں میں انسان کا سچ تلاش کیا، اور ریاض رفی اپنی انگلیوں کی پوروں سے کینوس پر وہ نقشہ کھینچتا ہے جہاں سائنس، ادب اور تصوف ایک ہی نکتے پر آ ملتے ہیں کہ حقیقت وہ نہیں جو آنکھ کو دکھائی دیتی ہے، بلکہ وہ ہے جو دل کو محسوس ہوتی ہےمگر یہ مشابہت صرف چہرے تک محدود نہیں، ریاض رفی اور آئن اسٹائن کی زندگیوں میں ایک گہرا روحانی رشتہ بھی دکھائی دیتا ہے۔ آئن اسٹائن بھی بچپن میں باغی تھا جرمنی کے سخت گیر، رٹّا لگوانے والے نظامِ تعلیم سے اسے ایسی گھٹن ہوئی کہ اس نے پندرہ برس کی عمر میں اسکول ہی چھوڑ دیا، بالکل اسی طرح جیسے ریاض نے روایت کے سانچوں اور آرٹ اسکولوں کی چار دیواری کو قبول کرنے سے انکار کیا۔ آئن اسٹائن بھی سوشلسٹ تھا، 1949 میں اس نے سوشلزم کیوں؟ کے عنوان سے مضمون لکھ کر سرمایہ دارانہ نظام کی ناانصافیوں پر کھل کر سوال اٹھائے، وہی سوال جو کراچی یونیورسٹی کا سرخا ریاض رفی اپنے نعروں اور پھر اپنے رنگوں میں اٹھاتا رہا۔ آئن اسٹائن نے بھی اپنا وطن چھوڑا اور 1933 میں امریکہ کو اپنا مسکن بنایا، اور اسی سرزمین نے اس کی ذہانت کو وہ قدر دی جو اس کے اپنے وطن نے نہ دی تھی، ریاض رفی بھی پاکستان سے امریکہ آیا اور وہ اسی مٹی پر آ کر اپنے فن کی قدر دیکھ رہا ہے۔ آئن اسٹائن وائلن بجاتا تھا اور کہا کرتا تھا کہ وہ اکثر موسیقی میں سوچتا ہے، اور ریاض کی پہلی نمائش کا نام ہی ردھم آف اسٹروکس تھا، کیونکہ وہ بھی رنگوں کو سُروں کی طرح برتتا ہے۔ اور سب سے بڑھ کر، آئن اسٹائن نے کہا تھا کہ انسان جس سب سے خوبصورت تجربے سے گزر سکتا ہے وہ پراسراریت کا تجربہ ہے، کیونکہ یہی ہر سچے فن اور سچی سائنس کا سرچشمہ ہے۔ یہی پراسراریت صوفی کا وجد ہے، اور یہی وہ کیفیت ہے جس میں ریاض رفی کینوس کے سامنے اپنی ذات کو فراموش کر دیتا ہے۔ ایک نے کائنات کے راز فارمولوں میں ڈھونڈے، دوسرا انہیں رنگوں میں تلاش کرتا ہے؛ راستے مختلف ہیں، مگر منزل ایک ہے۔
اب ریاض رفی امریکہ کےشہر ہیوسٹن میں بستا ہے، ایک ایسے ملک میں جہاں فن کو صرف سراہا نہیں جاتا، اس کی قدر کی جاتی ہے، جہاں ایک فنکار کو اپنی بات کہنے کے لیے کسی دیوار کی پناہ نہیں لینی پڑتی۔ ڈاؤن ٹاؤن ہیوسٹن میں اس کا اسٹوڈیو ہے، جہاں وہ اپنے خیالات کو رنگوں اور حروف کی زبان دیتا ہے۔ وہ فنکار جس کی نمائش کے لیے کبھی کراچی کی کوئی گیلری تیار نہ تھی، آج اس کی پینٹنگ ہیوسٹن کے جارج بش انٹرکانٹینینٹل ایئرپورٹ پر آویزاں ہے اسے خریدا گیا، اور اب روز دنیا بھر سے آنے والے ہزاروں مسافر اس کے سامنے سے گزرتے ہیں۔ اس کی تصویریں بڑی تعداد میں لوگ خریدتے ہیں اور اپنے گھروں اور دفاتر کی زینت بناتے ہیںمگر ریاض کا فن صرف دیواروں کی زینت نہیں، انسانیت کی خدمت بھی ہے۔ حال ہی میں ہیوسٹن میں کینسر کے مریضوں کی مدد کے لیے منعقدہ ایک خیراتی تقریب میں اس نے اپنی پینٹنگ "دی بلیو سیریز” عطیہ کی۔ منتظمین نے اس کی قیمت دو ہزار ڈالر مقرر کی تھی، مگر نیلامی میں قدردانوں نے اسے تین گنا، یعنی چھ ہزار ڈالر میں خرید لیا۔ اٹھارہ ضرب اٹھارہ انچ کا یہ مکسڈ میڈیم کینوس دیکھنے والے کو پہلی نظر میں نیلے رنگ کے ایک گہرے سمندر میں اتار دیتا ہے۔ اس نیلاہٹ کے بیچ سے ایک چہرہ ابھرتا ہے، جس کی ایک آنکھ اندھیرے میں جاگتی ہے اور ہونٹوں پر سرخ رنگ کی ایک لکیر یوں کھنچی ہے جیسے کوئی ان کہی بات زبان تک آ کر رک گئی ہو۔ چہرے کے گرد سفید لکیریں گھومتی ہیں، گویا کسی درویش کا چکر ہو، اور نیچے سبز، زرد اور گہرے سرخ رنگوں کے ٹکڑے ایک ایسی شکل بناتے ہیں جو کسی کو اپنی آغوش میں لیے بیٹھی ہے۔ رنگ کینوس پر لگائے نہیں گئے، تراشے گئے ہیں؛ ان کی موٹی تہوں میں انگلیوں کا لمس اور ہاتھ کی بے تابی صاف محسوس ہوتی ہے۔ یہ تصویر بیک وقت دکھ بھی ہے اور سکون بھی، جیسے کوئی زخمی روح مراقبے میں بیٹھ کر اپنے زخم کو روشنی میں بدل رہی ہو۔ اور شاید یہی وجہ ہے کہ یہ پینٹنگ ان مریضوں کے نام کی گئی جو بیماری کے اندھیرے میں امید کی کسی لکیر کے منتظر ہوتے ہیں۔ کونے میں رفی کے دستخط ہیں، اور جب ایک امریکی خاتون مسکراتے ہوئے اس تصویر کو سینے سے لگائے کھڑی تھیں، تو لگتا تھا کہ وہ سرخا جو کبھی پاکستان کے شہر کراچی کی سڑکوں پر مظلوموں کے حق میں نعرے لگاتا تھا، آج اپنے برش سے امریکہ میں بیماروں کا سہارا بن رہا ہے۔ نظریہ وہی ہے، بس اظہار کا طریقہ بدل گیا ہے۔ریاض رفی جیسے فنکار کسی بھی قوم کا اثاثہ ہوتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو ہمیں بتاتے ہیں کہ ہماری پہچان صرف سیاست کی سرخیوں اور تنازعات کی خبروں میں نہیں، بلکہ ان رنگوں میں بھی ہے جو ہمارے دکھ، ہماری محبت اور ہماری جدوجہد سے جنم لیتے ہیں۔ امریکا میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی پر یہ قرض ہے کہ ہم اپنے ایسے فنکاروں کو پہچانیں، ان کے کام کو دیکھیں، خریدیں، سراہیں اور اپنے بچوں کو ان سے متعارف کرائیں۔ مونے کو اس کے دوستوں نے دریا سے نکالا تھا، اور منٹو کو اس کی موت کے بعد پہچانا گیا۔ ریاض رفی ہمارے درمیان زندہ ہیں کام کر رہے ہیں وہ رنگوں میں سچ لکھ رہے ہیں اس کی قدر ابھی کیجیے کیونکہ فنکار کو تالیاں قبر پر نہیں، زندگی میں چاہئیں۔







