حوثی حملوں کے بعد متعدد ممالک کا شہریوں کو سعودی عرب کا سفر نہ کرنے کا مشورہ

یمن کے حوثی جنگجوؤں کی جانب سے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر مسلسل حملوں کے بعد امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان اور جنوبی کوریا سمیت متعدد ممالک نے اپنے شہریوں کو سعودی عرب کے سفر سے گریز کرنے یا سفری منصوبوں پر نظرثانی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے پیر کو نئی سفری ہدایات جاری کیں، جس کے بعد ان ممالک کی فہرست مزید طویل ہوگئی جنہوں نے سعودی عرب میں سکیورٹی خطرات کے پیش نظر اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے۔آسٹریلیا کے محکمہ خارجہ نے شہریوں کو ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے جانے سے گریز کرنے اور سعودی عرب کے دیگر ہوائی اڈوں کے سفر پر بھی نظرثانی کرنے کا مشورہ دیا۔ نیوزی لینڈ کی وزارت خارجہ نے ریاض کے مرکزی ہوائی اڈے اور نجران، جازان اور عسیر کے علاقوں کا سفر کسی بھی مقصد کے لیے نہ کرنے، جبکہ سعودی عرب کے دیگر علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔امریکی سفارت خانے نے اتوار کو ایران اور ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے ممکنہ حملوں کے خطرے کے پیش نظر شہریوں کو سعودی عرب کے سفر پر نظرثانی کرنے کا مشورہ دیا۔ کینیڈا نے بھی سعودی عرب کے کسی بھی علاقے کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی۔



