ہیکرز نے امریکی فضائیہ کے کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ’کلاؤڈ ون‘ میں رسائی حاصل کرلی

ہیکرز نے امریکی فضائیہ کے فلیگ شپ کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ’کلاؤڈ ون‘ میں رسائی حاصل کرلی۔یہ ایک ایسی پیشرفت ہے جس سے انتہائی حساس ٹیکٹیکل ڈیٹا سمیت عملے اور لاجسٹکس سے متعلق ڈیٹا کا ایک وسیع ذخیرہ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے کام کے دوران کلاؤڈ ون میں اس دراندازی کا پتا چلا اور اس انکشاف کے بعد پورے پلیٹ فارم میں خلل پیدا ہو گیا ہے۔رائٹرز ہیکرز کی شناخت، اس دراندازی کے مکمل دائرہ کار یا اس بات کی تصدیق نہیں کر سکا کہ آیا کوئی ڈیٹا چوری ہوا ہے یا نہیں۔سال 2017 میں شروع کیے گئے ’کلاؤڈ ون‘ کا مقصد امریکی فضائیہ کی آئی ٹی ضروریات کے لیے ایک مرکزی پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا، جس میں 4 آپریٹرز، مائیکروسافٹ، ایمازون، اوریکل اور الفابیٹ کے وسائل کو یکجا کر کے درجنوں ایپلی کیشنز چلائی جاتی ہیں، جن میں عملے کے ڈیٹا اور تنخواہوں یا لاجسٹکس اور دیکھ بھال کا انتظام کرنے والی ایپلی کیشنز بھی شامل ہیں۔ان میں فضائیہ کا ’کلاؤڈ بیسڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول‘سسٹم، جو شمالی امریکا بھر سے فضائی دفاعی ریڈار اور دیگر ڈیٹا فیڈز اکٹھا کرتا ہے اور ’تھیٹر انٹیگریٹڈ کمبیٹ میونیشنز سسٹم‘ بھی شامل ہیں، جو دنیا بھر میں امریکی فضائیہ کے 200 سے زائد مقامات پر بموں اور میزائلوں کا ریکارڈ رکھتا ہے۔








