ایرانی فضائی دفاعی نظام نے امریکی ایف 16 طیارے کو بھاگنے پر مجبور کردیا، پاسداران انقلاب کا دعویٰ

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جدید فضائی دفاعی نظام نے خلیج میں جزیرہ ہنگام کے قریب امریکی فوجی ایف 16 لڑاکا طیارے کو وارننگ فائر کرکے واپس جانے پر مجبور کردیا۔آئی آر جی سی کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق امریکی لڑاکا طیارہ جزیرہ ہنگام کے جنوب مشرقی ساحلی پانیوں میں ایرانی فضائی حدود کے قریب پہنچا تھا۔ایرانی بیان میں کہا گیا کہ طیارہ ایسے بحری جہازوں کو فضائی تحفظ فراہم کر رہا تھا جو مبینہ طور پر سمندری آمدورفت کے ضوابط کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔آئی آر جی سی کے مطابق ایرانی فضائی دفاعی نظام کی کارروائی کے بعد امریکی طیارے نے اچانک رخ تبدیل کیا اور علاقے سے واپس چلا گیا۔پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے ضوابط اور نگرانی کے نظام کو نظرانداز کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رہا تو ذمہ دار عناصر اور ان کی حمایت کرنے والی فوجی قوتوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ایرانی فوج نے مزید کہا کہ ملکی فضائی حدود اس کے لیے ناقابلِ سمجھوتہ سرخ لکیر ہیں اور امریکی طیاروں کی جانب سے بار بار خلاف ورزی کی کوششوں کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔واضح رہے کہ امریکی ایف 16 طیارے کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کرنے کا یہ دعویٰ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے سامنے آیا ہے۔








